’ارنب گوسوامی کو گرفتار کرو‘ کانگریس کا مطالبہ #ArrestAntiIndiaArnab ٹوئٹر پر ’ٹاپ ٹرینڈ

ممبئی۔مہاراشٹر کے پال گھر میں ہجومی لنچنگ (موب لنچنگ) کے واقعہ پر حکومت مہاراشٹر یہ واضح کر چکی ہے کہ یہ کوئی فرقہ وارانہ واقعہ نہیں تھا، تاہم ’ریپبلک ٹی وی‘ نے اپنی ایک ڈبیٹ میں اس واقعہ کو فرقہ وارانہ بنانے کی کوشش کی۔ اس واقعے سے متعلق ایک پروگرام میں چینل کے ایڈیٹر ارنب گوسوامی نے صحافتی اخلاقیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے لوگوں کے فرقہ وارانہ جذبات بھڑکانے کی کوشش کی۔ اتنا ہی نہیں ارنب گوسوامی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور ان کے خلاف قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا۔

کانگریس کے تمام رہنماؤں اور صحافیوں نے ارنب گوسوامی کے اس فعل کی شدید مذمت کی ہے اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ راجستھان کے وزیر اعلی اور کانگریس کے سینئر رہنما اشوک گہلوت نے تو یہاں تک کہا ہے کہ ’’لگتا ہے کہ ارنب اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں‘‘۔ انہوں نے ارنب گوسوامی اور ریپبلک ٹی وی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ارنب گوسوامی نے تمام حدود کو عبور کر دیا ہے، لہذا چینل کے پروموٹر کو فوری طور پر ارنب کو برخاست کر دینا چاہئے۔

وہیں، آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر سشمتا دیو نے بھی ٹویٹر پر اپنا غصہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ، ’’ارنب گوسوامی ایک صحافی کے طور پر کچڑا ہو چکے ہیں۔ دفتر وزیر اعظم اور حکومت کو صحافت کے نام پر ایسی حرکتوں کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔‘‘