مالیگاؤں(عامر ایوبی) کلکتہ،ویسٹ بنگال،سول سروسز ایمپلائمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سنئیر ڈائریکٹر،آفیسر و معروف افسانہ نگار محترم شبیر احمد کی شہر عزیز مالیگاؤں آمد پراعزازی نشست بنام شب افسانہ کا آغاز رضوان ربانی سر کی قراءت سے ہوا. افضال انصاری سر نے پروگرام کے اغراض و مقاصد اور اردو کونسل کے عزائم سے سامعین کو روشناس کرایا.
اردو کونسل کے روح رواں اظہر جمیل اور دیگر اراکین کے مستقبل کے نیک اور پُر عزم ارادوں کے سبب منعقدہ "شبِ افسانہ” میں موجود مہمانان کے ساتھ ساتھ اردو میڈیا سینٹر کے ہال میں حاضر تمام فنکاران کا تعارف عمران جمیل نے پیش کیا جبکہ اردو کونسل صدر و اراکین کے علاوہ شمس الضح اسرائیل، ڈاکٹر الیاس وسیم صدیقی، فرحان دل، طاہر انجم صدیقی، ہارون اختر(صدر انجمن محبانِ ادب)،مجاہد سلیم،مجید آزاد و عبدالحلیم صدیقی نے مومینٹو، کتابیں، شال، پھول ہار، کلینڈر اور دیگر تحائف دے کر شبیر احمد (کلکتہ) و عرفان جعفری (ممبئ) کا والہانہ استقبال کیا -11 دسمبر کی سرد رات میں اولین پڑاو پر افضال انصاری نے اپنی کہانی "مرگِ مفاجات” پیش کی جس پر حاضرین نے بے لاگ تبصرے کیے ۔ ثانیاً محترم عمران جمیل نے اپنی کہانی "بھاگ متی” پیش کی جس پر شرکاء نے نقد تبصرے کیے اورخاص طور پر عمران سر کی جزیات نگاری پر اچھی خاصی گفتگو ہوئی –
ثلاثا محترم طاہر انجم صدیقی نے ایک علامتی افسانہ "بائیں طرف کا منظر” کی خواندگی کی حسبِ سابق خوب سے خوب تر تبصرے رہے ۔ پیش کردہ سبھی افسانوں پر صاحب اعزاز محترم شبیر احمد نے بھی اپنی قیمتی آراء سے نوازا- بعدازاں "چوتھا فنکار” کے مصنف جناب شبیر احمد نے بهی اپنے افسانےکی خواندگی کی. اس افسانے کو حاضرین نے نہایت سکون اور دلچسپی سے سنا ۔ صدر نشست کی حکم پر مہمان کے افسانے پر مکالمہ قائم نہیں کیا گیا – اس باوقار اعزازی پروگرام کے شرکاء جنھیں ہم مالیگاؤں کے ادبی منظر نامے کا انتخاب کہہ سکتے ہیں شروع سے اخیر تک نشست میں نہ صرف موجود رہے بلکہ اپنی گراں قدرآراء سے نشست کی زینت کو بھی بڑھایا ۔ ہماری خوش نصیبی رہی کہ اس نشست کے ابتدائی حصے میں مشہور ترقی پسند شاعر قیصر الجعفری صاحب کے فرزند” عرفان جعفری ” صاحب جو بذات خود کمال کے ادیب و شاعر ہیں موجود رہے اور اپنا کلام بھی پیش کیا ۔ مہمانان اور شرکاء کی تعداد اور تبصروں کے لحاظ سے یہ نشست عالمی سیمینار کا منظر پیش کر رہی تھی ۔
صدر محفل ڈاکٹر الیاس وسیم صدیقی نے صدارتی خطاب میں سبھی تخلیقات پر تبصرے پیش کئے نیز انہوں نے اردو کونسل، مالیگاؤں کے ذمہ داران کی حوصلہ افزائی بھی کی . صدرِ محترم نے نہایت ہی ماہرانہ انداز میں شبِ افسانہ میں موجود فنکاروں کے لئے رہنمایانہ خطوط بھی متعین کئے جبکہ افسانوں پرحمید شیخ، رفیق مومن، فرحال دل، منصور اکبر، مشتاق احمد مشتاق، نعیم سلیم، ڈاکٹر نخشب مسعود، سلیم شہزاد رضوی، شب انصاری، شمس الضحی’ اسرائیل، ماسٹر عبدالمجید، رضوان ربانی وغیرہ صاحبان نے تنقید و تبصرہ کیا۔ تقریباً ایک بجے تک اردو کونسل، مالیگاؤں کی اولین "شبِ افسانہ” نشست اپنے اختتام کو پہنچی نظامت کے فرائض طاہر انجم صدیقی نے بحسن خوبی نبھائے – اس طرح کی پریس رپورٹ اردو کونسل مالیگاؤں نے جاری کی