وقف املاک میں سے اردوصحافیوں کے لئے رہائشی اراضی مہیا کرائے.. رکن پارلیمان امتیاز جلیل
اورنگ آباد(محمدمسلم کبیر)اردو زبان تہذیب و تمدن کی نشانی ہے.اس کی شیرینی سے دلوں میں محبت پیدا ہوتی ہے یہ بات ریاستی وزیر امور اوقاف اتل ساوے نے کہی.اورنگ آباد کے وی آئی پی فنکشن ہال جسونت پورہ میں منعقدہ حکومت مہاراشٹر کے شعبہ اقلیت سے تعلق رکھنے والے اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کی جانب سے سن 2017 اور 2018 کے لئے معلنہ 122 ایوارڈز کے جلسہ تقسیم اسنادات میں وزیر موصوف نے کہا کہ اردو اخبارات ان کے والد محترم بھی بلا ناغہ پڑھتے تھے.اس زبان کی سیکھنے کی بڑی خواہش رہی ہے یہ کہتے ہوئے انھوں نے یقین دلایا کہ اگلے سال اپنی تقریر اردو میں ہی کریں گے.مختلف اردو اکثریتی مقامات پر اردو گھروں کی تعمیر حج ہاؤس کی تعمیر میں تیزی لانے اور ان عمارتوں میں کتب خانے و مقابلہ جاتی کورسس سے متعلق تربیتی مراکز قائم کرنے کے لئے حکومت کوشاں ہے.

اورنگ آباد کے رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل نے اس موقع پر کہا کہ حکومت اردو زبان کی ترقی و ترویج کے لئے سنجیدگی اختیار کرے.سید امتیاز جلیل نے اورنگ آباد میں ایک مقام پر وقف املاک پر جاری تعمیری کام اور فلیٹس کی خرید و فروقت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تعمیری کام اور فلیٹس کی خرید و فروخت کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا. ریاستی وزیر اوقاف اتل ساوے سے مخاطب ہو کر کہا کہ برسہا برس سے اردو صحافی کسمپرسی کی زندگی گذار رہے ہیں لہذہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ انھیں اپنے ذاتی مکانات کی تعمیر کے لئے اوقافی جائدادوں میں سے اراضیات تقسیم کرے تاکہ مستحقین کو ان کا حق مل جائے.مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکادمی کے صدر عاملہ ڈاکٹر رانا صدیقی نے کہا کہ حکومت اردو زبان کی ترویج کے لئے مختلف اسکیمات اور پروگرامس پر عمل پیرا ہے.اردو گھروں کی تعمیر کرکے ان میں تربیتی مراکز کا قیام عمل میں لانے اور اقلیتی طلباء میں مقابلہ جاتی امتحانات کی جستجو پیدا کرنے کا پروگرام بنا رہی ہے.کس موقع پر اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے مئیر نندکمار گھوڑیلے اور حج کمیٹی کے اعجاز دیشمکھ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا.

اورنگ آباد میں اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی ممبئی کی جانب سے ادبی شخصیات میں شمیم حنفی،ڈاکٹر یحیی نشیط، پروفیسر افضال حسین قاضی، سید صفدر، صحافی محمدمسلم کبیر،سعید پٹیل، ادب میں علیم الدین علیم،طالب شولاپوری،سراج شولاپوری،ابوالکلام کمٹھانے،ڈاکٹرحامد اشرف، ڈاکٹر محمد عبدالرافع،مولانا عبدالقیوم ندوی،شمس جالنوی،مومن فیاض احمد، خان حسنین عاقب،اس طرح 122افراد کو وزیر اقلیتی امور اتل ساوے، رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل، ریاستی اقلیتی شعبے کے پرنسپل سیکریٹری شیام تاگڑے، صدر اکادمی ڈاکٹر رانا صدیقی کے ہاتھوں ایوارڈز تقسیم کئے گئے.مومنٹو، سند ،شال اور نقد رقم پر مبنی جلسہ تقسیم ایوارڈز میں شہریان اورنگ آباد کے علاوہ دیگر مقامات سے بھی سامعین کثیر تعداد میں شریک رہے. اردو اکادمی کے سپرنٹنڈنٹ سید شعیب ہاشمی اور اکادمی کے فعال رکن شیخ رفیق سر کے علاوہ اکادمی کے دیگر اراکین و اسٹاف نے جلسے کو کامیاب بنانے کی کوشش کی.