نظام آباد :13۔نومبر۔(ایجنسیز )وزیراعظم نریندر مودی اور ریاست کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے بارے میں دیئے گئے متنازعہ بیان پر اترپردیش کے اعظم گڑھ میں سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے ممبر اسمبلی اور مہاراشٹر کے صدر ابو عاصم کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک دن پہلے ایس پی ممبر اسمبلی ابو عاظم اعظمی نے مسٹر مودی اور مسٹر یوگی کے خلاف ایک متنازعہ بیان دیا تھا۔ اس بیان میں ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ اعظم گڑھ، اعظم شاہ کا بسایا ہوا شہر ہے ان کے باپ کا بسایا ہوا شہر نہیں۔اسی طرح انہوں نے نریندر مودی کے بارے میں کہا کہ 2019 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی شکست ہوگی اور مودی انتخابات کے بعد گجرات واپس جائیں گے۔ دھوبی کا کتا گھر نہ گھاٹ کا رہے گا۔اس بیان پر بی جے پی کے نظام آباد کے نائب صدر ہنومنت پرساد کی تحریر پر سرائے میر تھانے میں ابو عاظم اعظمی کے خلاف دفعہ 153کے، 504 آئی پی ایس کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس مقدمے کے بعد اعظم گڑھ میں اس بیان پر سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔