سپریا سولے، ہرش وردھن سپکال، انل دیسائی سمیت سرکردہ رہنماؤں کی شرکت
دو چار دن میں پوری تصویر صاف ہو جائے گی، دہلی دھماکہ تشویشناک: سپریا سولے
ممبئی: آئندہ بلدیاتی انتخابات کی گہماگہمی کے بیچ مہا وِکاس اگھاڑی نے آج ممبئی کے یشونت راؤ چوہان سینٹر میں ایک اہم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں ریاست کے مختلف علاقوں کی زمینی سیاسی صورتِ حال، ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ، مقامی اتحاد اور انتخابی حکمتِ عملی کے نکات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ میٹنگ میں این سی پی- ایس پی کی قومی کارگزار صدر اور رکنِ پارلیمنٹ سپریا سولے، پارٹی کے ریاستی صدر ششی کانت شندے، شیو سینا یو بی ٹی کے رکنِ پارلیمنٹ انل دیسائی، رکنِ اسمبلی انل پرب، کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال، نیشنل سماج پارٹی کے صدر و سابق وزیر مہادیو جانکر، آر پی آئی (کھرات) کے سربراہ سچن کھرات اور دیگر لیڈران شریک تھے۔
سپریا سولے نے میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع کی سیاسی صورت حال، مقامی سطح پر پارٹیوں کے درمیان رابطے اور انتخابی حکمتِ عملی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اگلے دو چار دن میں پوری تصویر صاف ہو جائے گی اور ہر پارٹی کا واضح لائحۂ عمل سامنے آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اہم فیصلے سینیئر قیادت کرے گی اور ’انڈیا اتحاد‘ کے تحت نئی کوآرڈینیشن کمیٹیاں قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
سپریا سولے نے کہا کہ کارکنوں کو مضبوط کرنے اور زیادہ مؤثر تال میل کے لئے کچھ نئی سیاسی مساوات تشکیل دینا ضروری ہیں۔ ہم سب نے اس پر تفصیلی گفتگو کی ہے اور جلد ایک مربوط حکمتِ عملی کا اعلان کیا جائے گا۔ اس دوران سپریا سولے نے دہلی میں ہونے والے بم دھماکے پر بھی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک اور فکرمند کرنے والا واقعہ ہے۔ تمام تفصیلات سامنے آنے کے بعد ہی مناسب تبصرہ ممکن ہے۔ میں کل دہلی جا رہی ہوں اور وہاں پہنچ کر مکمل رپورٹ حاصل کروں گی۔ یہ میٹنگ بلدیاتی انتخابات سے قبل مہا وِکاس اگھاڑی کی طاقت اور پوزیشن واضح کرنے کے لئے نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے اور آئندہ چند دنوں میں ریاستی سیاست میں کئی اہم فیصلے سامنے آ سکتے ہیں۔
NCP-SP Urdu News 11 Nov. 25.docx