وجے واڑہ، 20اکتوبر (یو این آئی) آندھراپردیش میں آئندہ دو نومبر سے اسکول پھر سے کھلیں گے اور متبادل دن کی بنیاد پر کلاسیں چلیں گی۔
سرکاری بیان منگل کو یہاں جاری کیا گیا۔ وزیراعلی وائی جگن موہن ریڈی نے آج یہاں میٹنگ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو نومبر سے ریاست میں اسکولوں کو پھر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے او رپہلے دن پہلی، تیسری، پانچویں اور ساتویں جماعت کے طلبا کی کلاسیں چلیں گی اور دوسری، چوتھی، چھٹی اور آٹھویں جماعت کے طلبا کے لئے کلاسیں دیگر دنوں میں احتیاطی اقدامات کے طورپر منعقد کی جائیں گی تاکہ طلبا کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے بچایا جاسکے۔
وزیراعلی نے کہا کہ اگرکسی اسکول میں ان کلاسوں کی طلبا کی تعداد 750سے زیادہ ہے تو کلاسیں ہر تین دن میں ایک بار لگیں گی۔ اس کے علاوہ ریاست کے بیشتر اسکول دوپہر تک کھلیں گے۔ طلبا کو مڈ ڈے میل تقسیم کرنے کے بعد انہیں گھر بھیج دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نومبر کے دوران صورتحال کو جاننے کے بعد موجودہ صورتحال کی بنیاد پر دسمبر میں کلاسیں کیسے منعقد کی جائیں اس پر فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلی نے متعلقہ حکام سے کہا کہ اگرطلبا کے والدین اپنے بچوں کواسکول پر متفق نہیں ہیں تو ان کے بچوں کو آن لائن پڑھایاجائے۔