السلام علیکم ورحمة اللہ و بركاتہ
سپریم کورٹ نے مؤرخہ: ۱۵ ستمبر کو وقف قانون ۲۰۲۵ سے متعلق مقدمہ کا فیصلہ سنانا طے کیا ہے، یہ نازک اور بہت اہم وقت ہے، آپ حضرات کے علم میں ہے کہ بورڈ نے اس سلسلے میں ہر طرح کی کاوشیں کی ہیں، چھوٹے بڑے جلسے کئے ہیں، پریس کانفرنسیں کی ہیں، بتی گل کرنے، کالی پٹی باندھنے اور ہیومن چین نکالنے کا اہتمام کیا ہے، اور غیر مسلم بھائیوں کو بھی اس تحریک میں شامل کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے، اس کے ساتھ ساتھ لیگل کوششیں بھی جاری ہیں، اس سلسلے میں ملک کے بہترین لائرز (Lawyers) کی مدد حاصل کی گئی ہے، اور اُن کی مؤثر اور مدلل بحث کے نتیجہ میں اس قانون کی کم از کم تین دفعات کو فی الحال کورٹ نے ملتوی رکھا ہے، اب کورٹ اس سلسلے میں اہم فیصلہ سنانے جا رہا ہے، بحیثیت مسلمان ہمارا یقین ہے کہ اصل فیصلہ زمین پر نہیں آسمان پر ہوتا ہے، اور جو بی نتیجہ آتا ہے، وہ اللہ تعالیٰ کے مشیت سے آتا ہے۔
لہذا تمام مسلمانوں اور بالخصوص بورڈ کے تمام عہدیداران ، ارکان اور اس کی ذیلی کمیٹیوں کے ممبران سے درخواست ہے کہ وہ آج سے ۱۵ ستمبر تک خصوصی طور پر نماز حاجت پڑھنے کا اور اس مقدمہ کے مسلمانوں کے حق میں اور شریعت کے مطابق فیصل ہونے کی دعاء کریں، نیز کثرت سے درود شریف اور "حسبنا الله ونعم الوكيل” پڑھیں اور اللہ کے دربار میں رجوع ہوں ، تمام مسلمان اس کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کریں.
مرد بھی عورتیں بھی، بڑے بھی بچے بھی، نیز مسجدوں میں بھی دعائیں کی جائیں، اللہ تعالیٰ ہم لوگوں کی اس دعاء کو اور جو کوششیں کی گئی ہیں ان کو قبول فرمائیں، اور ایک ایسا مناسب فیصلہ آجائے، جو شریعت کے مزاج کے مطابق اور مسلمانوں کو مطمئن کرنے والا ہو۔ والسلامُ علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
*✍️ خالد سیف اللہ رحمانی*
_(خادم: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)_
🗓️ ۲۰ ربیع الاول ۱۴۴۷ .۱۳ ستمبر ۲۰۲۵