ناندیڑ: 20 اکتوبر ۔(ورق تازہ نیوز) بروز پیر 21 اکتوبر کو ناندیڑضلع کے 9 اسمبلی حلقوں میں عوام اپنے حق رائے دہی کااستعمال کررہے ہیں۔ پولنگ صبح سات بجے سے شام چھ بجے ہوگی ۔ضلع انتظامیہ نے آزادانہ‘منصفانہ ‘بے خوف انتخابات کے انعقاد کے لئے وسیع تر انتظامات کیے ہیں ۔انتہائی حساس پولنگ بوتھس پر زائد پولس کے جوانوں کو تعینات کیاگیا ہے ۔
ناندیڑضلع کے 9 اسمبلی حلقوں میں کنوٹ‘ حدگاوں‘ بھوکر ‘ ناندیڑجنوب ۔ ناندیڑشمال ‘ لوہا ‘ نائیگاوں ‘ دیگلور(محفوظ ایس سی) ‘ مکھیڑ میں جملہ 25 لاکھ 42 ہزار450 ووٹرس ہیں ۔اورجملہ 2955 پولنگ بوتھس قائم کئے گئے ہیں ۔
ناندیڑجنوب حلقہ جہاں 38 امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں یہاں کے ہر پولنگ بوتھ پر تین ووٹنگ مشین اور ناندیڑ شمال حلقہ میں ہرپولنگ بوتھ پر دو ووٹنگ مشنیں رکھی گئی ہیں ۔اس حلقے میں جملہ 24 امیدوار ہیں ۔اہم سیاسی جماعتوں میں کانگریس پارٹی این سی پی ‘ ونچت بہوجن اگھاڑی ‘ایم آئی ایم ‘ شیوسینا اور بی جے پی ہیں ۔
ناندیڑشمال میں ایم ایل اے‘ ڈی پی ساونت کانگریس کے طاقتور امیدوار ہیں ان کامقابلہ شیوسینا کے کلیانکر ‘ایم آئی ایم کے فیروز لالہ سے ہے ۔ یہاں سے ونچت کا امیدوار بھی ہے ۔
ناندیڑ جنوب میں شیوسینا کی راجشری پاٹل کامقابلہ بی جے پی کے باغی آزاد امیدوار دلیپ کندکرتے اور ونچت اگھاڑی کے فاروق احمد اور کانگریس کے موہن ہمبرڈے سے ہے۔ یہاں سے ایم آئی ایم نے ایک نئے چہرے کانگریس کے باغی امیدوار صابر چاوس کواپنا امیدوار بنایا ہے ۔بھوکر میں جملہ 7 امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں لیکن اصل مقابلہ بی جے پی ۔ شیوسینا کے متحدہ امیدوار باپو صاحب گورٹھیکر اور سابق وزیراعلیٰ اشوک راو چوہان میں ہے۔ اس بار امیدواروں کی انتخابی تشہیری مہم میں حصہ لینے جہاں سیاسی قدآور لیڈران آئے وہیں فلمی اداکاروں نے بھی اپنی تقریروں اورجلسوں سے عوام کاد ل جیتنے کی کوشش کی ۔
کانگریس نے بی جے پی کے سابق لیڈر اور ایم پی شتروگن سنہا کو انتخابی جلسوں میں پیش کیاتو شیوسینا نے امیشاپٹیل فلمی اداکارہ کو انتخابی تقاریر کے لئے مدعو کیا تھا ۔ان اداکاروں نے عوام کی زبردست بھیڑ کو جمع کرنے میں کامیابی تو حاصل کی لیکن کیا وہ اپنے امیدواروں کو بڑی تعداد میں ووٹ دلواسکیں گے یہ ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب 24 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کے دن ہی مل جائے گا۔ ویسے اسمبلی الیکشن میں کوئی جوش وخروش دیکھائی نہیں دیا ۔ بی جے پی اور سینا اتحاد کودوبارہ اقتدار حاصل ہونے کے امکانات روشن ہیں۔