آئی پی ایل میچ نمبر 12: شاہ رخ کی ٹیم کے سامنے بکھر گئی راجستھان، کولکاتا 37 رنوں سے فتحیاب

آئی پی ایل سیزن 13 کے بارہویں مقابلے میں آج شاہ رخ خان کی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور راجستھان رائلز کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں راجستھان کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا جو پوری طرح سے غلط ثابت ہوا۔ کولکاتا نے 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 174 رن کا اسکور بنایا تھا لیکن اس کے جواب میں جب راجستھان کی ٹیم بلے بازی کرنے اتری تو پوری طرح سے بکھری ہوئی نظر آئی اور یکے بعد دیگرے وکٹ گرتے رہے۔

نتیجہ یہ ہوا کہ ٹیم کا رَن ریٹ بھی نہیں بڑھ سکا اور 20 اوور میں محض 137 رن ہی بن سکے۔ راجستھان کی اننگ میں صرف ٹان کرن (36 گیند پر 54 رن) ایسے بلے باز رہے جنھوں نے جم کر کھیلا اور تیزی کے ساتھ رن بھی بنائے۔

راجستھان کی شروعات ہی خراب رہی جب دوسرے ہی اوور میں کپتان اسمتھ انتہائی خراب شاٹ کھیل کر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ انھوں نے محض 3 رن بنائے۔ اس کے بعدآئی پی ایل سیزن 13 میں اپنی بلے بازی سے سبھی کی تعریف بٹورنے والے سنجو سیمسن بھی 9 گیندوں پر محض 8 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ گرنے کا سلسلہ یہیں پر نہیں رکا بلکہ اچھی بلے بازی کر رہے سلامی بلے باز جوس بٹلر (16 گیندوں پر 21 رن) ساتویں اوور میں آؤٹ ہوئے، اس کے اگلے اوور میں ناگرکوٹی کی گیند پر رابن اتھپا (2 رن) بھی چلتے بنے اور اسی اوور میں ریان پراگ (1 رن) نے بھی ناگرکوٹی کو وکٹ تھما دیا۔ اس طرح سے محض 42 رن پر نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

پچھلے میچ میں راجستھان کی جیت کے ہیرو راہل تیواتیا سے بہت امیدیں تھیں اور انھوں نے ایک بہترین چھکّا بھی لگایا، لیکن ورون چکرورتی نے ایک بہترین گیند پر انھیں بولڈ کر دیا۔ تیواتیا نے 10 گیندوں پر 14 رن کا تعاون دیا۔ پھر جلدی جلدی شریئس گوپال (5 رن)، جوفرا آرچر (6 رن) بھی آؤٹ ہو گئے۔ یہاں قابل غور یہ ہے کہ ایک طرف وکٹ گرتے رہے اور دوسری طرف ٹام کرن اچھی بلے بازی کر رہے تھے۔ ان کا کچھ حد تک ساتھ جے دیو انادکٹ نے دیا جو 13 گیندوں پر 9 رن بنا کر 18ویں اوور میں آؤٹ ہوئے، لیکن اس وقت تک میچ ہاتھوں سے نکل چکا تھا۔ 18 اوور کے بعد راجستھان کا اسکور 106 رن پر 9 وکٹ تھا۔ آخر کے دو اوور میں ٹام کرن نے تیز بلے بازی کی اور 3 چھکّوں و 2 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 54 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسری طرف انکت راجپوت 5 گیندوں پر 7 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔