فارس نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے کویت، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، قطر اور بحرین میں متعدد امریکی فوجی اڈے حملوں کی زد میں ہیں۔
بحرین نے کہا ہے کہ ملک میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر کے ایک مرکز کو ’میزائل حملے‘ میں نشانہ بنایا گیا ہے، یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا تھا۔
بحرین کے نیشنل کمیونیکیشن سینٹر نے ایک بیان میں کہا کہ ’ففتھ فلیٹ کے سروس سینٹر پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔ ہم آپ کو بعد میں تفصیلات فراہم کریں گے۔‘
وزارتِ داخلہ کی جانب سے رہائشیوں کو بھیجے گئے الرٹ میں کہا گیا کہ ’خطرے کے باعث سائرن بجا دیا گیا ہے۔‘ منامہ میں اے ایف پی کے نامہ نگاروں نے بھی سائرن کی آوازیں سنی جانے کی اطلاع دی۔
اے ایف پی نامہ نگاروں کے مطابق اسی دوران قطر میں امریکی اڈوں کے قریب بھی ہنگامی سائرن بجنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
ایک قطری اہلکار نے بتایا کہ قطری میزائل ڈیفنس سسٹم نے ایک ایرانی میزائل کو تباہ کر دیا۔
ابوظبی کے رہائشیوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ سنیچر کو انہیں اماراتی دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق ’امارات نے متعدد ایرانی میزائل کامیابی سے روک لیے۔‘
وام نے مزید کہا کہ ’ملک کے متعلقہ حکام نے ابوظبی کے ایک رہائشی علاقے میں گرنے والے میزائل کے ٹکڑوں کو بھی ہینڈل کیا، جس سے کچھ نقصان ہوا اور ایک ایشیائی شہری ہلاک ہوا۔‘
یو اے ای کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کی فضائی حدود کو احتیاطی طور پر عارضی اور جزوی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی پیٹرا کے مطابق اردن کی فوج نے ملک کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائل مار گرائے۔