فجیرہ (یو اے ای) 13 مئی (یو این آئی)سعودی عرب نے آج کہاکہ اُس کے تیل کے دو ٹینکرس کو پُراسرار سبوتاج حملوں سے خلیج کے علاقہ میں نقصان پہنچا۔ خلیج کے علاقہ میں ایران اور امریکہ کی صف آرائی کی بناءپر پہلے ہی سے کشیدگی عروج پر ہے۔ دریں اثناءوزیر خارجہ امریکہ مائیک پامپیو اپنا مجوزہ دورہ ماسکو منسوخ کرتے ہوئے بروسیلز کی راہ لی تاکہ یوروپی یونین کے عہدیداروں کے ساتھ ایران نیوکلیر معاہدے پر تبادلہ خیال کریں جبکہ ایران نے اِس واقعہ کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے کہا تھا کہ مختلف اقوام کے تجارتی بحری جہازوں پر حملے سبوتاج کی کارروائی سمجھے جائیں گے۔ سعودی عرب کے وزیر تیل خالد الفلیح نے کہاکہ یہ دونوں جہاز خلیجی علاقہ کو جارہے تھے۔