ناندیڑ:7جون ۔(ورق تازہ نیوز) امرتسر سے ناندیڑ کی سمت جانے والی امرتسر ایکسپریس کے ڈبے سے دھواں نکلنے کے بعد آگ لگنے کی افواہ تیزی سے پھیلتے ہی مسافروں نے اپنی جان بچانے کے لیے ٹرین سے چھلانگ لگا دی لیکن ریلوے انتظامیہ نے جانچ کی تو انکشاف ہوا کہ کسی بھی ڈبے میں آگ نہیں لگی ہے یہ صرف افواہ تھی ۔ اس کے بعد مسافروں نے اطمینان کی سانس لی ۔ یہ واقعہ جالنہ تا بدناپور ریلوے اسٹیشن کے درمیان رونما ہوا ۔ ناندیڑ کی سمت جانے والی امرتسر ایکسپریس جالنہ تا بدناپور کے درمیان دوڑ رہی تھی اس وقت ایک ڈبے سے کسی مسافر کو دھواں نکلتا ہوا نظرآیایہ دیکھ کر مسافر کافی پریشان ہوگئے اور ایسا لگا کہ کسی ڈبے میں آگ لگی ہے اس کے بعد مسافروں نے فورا ٹرین کی زنجیر کھینچ کر گاڑی کو روک دیا ۔ ڈبے میں آگ لگنے کی افواہ ساری ٹرین میں پھیل گئی اور جیسے ہی ٹرین رُکی لوگ سامان سمیت ٹرین سے چھلانگ مارنے لگے ۔ٹرین کے گارڈ اورانجن کے ڈرائیور نے بھی ٹرین کے تمام ڈبوں کامعائنہ کیاتو کہیں پربھی آگ نہیں لگی تھی جس کے بعد مسافروں نے اطمیان کی سانس لی اور پھر گاڑی آگے کے سفر کے لیے روانہ ہوگئی۔