آمرانہ ذہنیت کی حامل مرکزی حکومت سے ملک کے آئین کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے: بالاصاحب تھورات
ریاستی کانگریس کے صدردفتر تلک بھون میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب
ممبئی: ملک کے آئین میں تمام مذہب وذات کے لوگوں کو بغیر کسی امتیاز کے شامل کیاگیا تھا اور سبھی کو مساوی حقوق دیے گئے تھے۔ ملک آئین کے بنیادی اصولوں کے مطابق چلتا ہے، لیکن گزشتہ ۶ سالوں سے آمرانہ ذہنیت کی حامل حکومت کے ذریعے آئین کو بالائے طاق رکھنے اور اسے نقصان پہونچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس آئین کے تحفظ وبقاکی ذمہ داری ہم سب پر ہے۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ووزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کہیں۔ وہ یومِ جمہوریہ کے موقع پر پارٹی کے صدر دفتر تلک بھون میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
تھورات نے مزید کہا کہ آئین میں مساوات کا اصول ہی کانگریس پارٹی کا اصول ہے۔ حالیہ برسوں میں ان بنیادی اصولوں کو ختم کرنے کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔ پارلیمنٹ میں بغیر کسی بحث کے بل منظور کیے جارہے ہیں۔ زرعی قوانین اور مزدوروں کے قوانین پر کسی بحث ومباحثے کے بغیر مزدوروں وکسانوں کو سرمایہ داروں کا غلام بنادیا گیا۔ اس کے خلاف ملک بھر میں زبردست احتجاج ہورہا ہے۔ لوگ سڑکوں پر اترے ہوئے ہیں مگر حکومت بجائے عوام کی بات سننے کے، عوام کے احتجاج کو ہی کچلنے کی کوشش کررہی ہے۔ تھورات نے کہا کہ ملک بڑی جدوجہد اورقربانیوں سے آزاد ہوا ہے اور 1950میں اسی دن ملک میں عوام کی حکمرانی والا آئین نافذ ہوا، جس کے حفاظت وبقا کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔
پرچم کشائی کی یہ تقریب ریاستی صدر کی سربراہی میں منعقد ہوئی اور انہیں کے ہاتھوں پرچم کشائی ہوئی۔ اس تقریب میں تھورات کے علاوہ سیوادل کے ریاستی صدر ولاس اوتاڑے، ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر مظفر حسین، ایم ایل اے راجیش راٹھوڑ، جنرل سکریٹری موہن جوشی، سچن ساونت، راجن بھوسلے، یشونت ہاپے، راجیش شرما،ڈاکٹر گجانن دیسائی، رام کشن اوجھا، شعبہ خواتین کی سابق صدر چارولتا ٹوکس، سکریٹری ذیشان احمد، راجارام دیشمکھ، جوجوتھامس سمیت سیوادل کے کارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے۔ اس موقع پر اجتماعی طور پر آئین کا ابتدائیہ (Preamble) پڑھا گیا۔