نئی دہلی، 24 مئی (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات میں زبردست شکست کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی کے استعفے کی قیا س آرائی تیز ہوگئی ہیں۔ایسی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ پارٹی کی سب سے اعلی پالیسی ساز یونٹ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی سنیچر کو بلائی گئی میٹنگ میں مسٹر راہل گاندھی اپنے استعفی کی پیشکش کرسکتے ہیں۔ جمعرات کو لوک سبھا انتخابات کے نتائج آنے کے بعد ہی کہا جانے لگا تھا کہ مسٹر راہل گاندھی اپنے استعفی کی پیشکش کردی ہے حالانکہ پارٹی نے اسے مسترد کردیا تھا۔شکست کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد استعفی دینے کی پیشکش کرنے سے متعلق سوال کا جواب انہوں نے براہ راست نہیں دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ مسئلہ ورکنگ کمیٹی اور ان کے درمیان رہنے دیجئے۔ اس کے بعد سے قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہوگیا۔مسٹر راہل گاندھی نے دسمبر 2017 میں کانگریس صدر کا عہدہ سنبھالا تھا اورا سکے بعد پارٹی نے کرناٹک میں جنتا دل ایس کے ساتھ اور تین ریاستوں میں اپنے دم پر حکومت تشکیل دی تھی۔ مسٹر راہل گاندھی کے کانگریس صدر بننے کے بعد یہ پہلا عام انتخابات ہے۔