ہم پر عوام کا جو اعتماد کم ہوا ہے اسے دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے: اجیت پوار
بارامتی انتخابات کے نتائج سے میں خود حیران ہوں، ہم نے عوام کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے
ممبئی: ان سی پی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے معلومات لی گئی ہیں اور ان میں سے کچھ فیصلے لے کر آگے ہم بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہی سب کچھ ہیں۔ ہم نے عوام کے فیصلے کو عاجزی سے قبول کیا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عوام کا ہم پر جو اعتماد کم ہوا ہے ہم اسے دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے۔
این سی کور کمیٹی کی میٹنگ جمعرات کی صبح ہوئی اور پھر شام کو ٹرائیڈنٹ ہوٹل میں ارکان اسمبلی کی میٹنگ ہوئی۔ اس کے بعد اجیت پوار نے رات کو پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس پریس کانفرنس میں نیشنلسٹ کانگریس کے ریاستی صدر ایم پی سنیل تٹکرے بھی موجود تھے۔ ان دونوں میٹنگوں میں لوک سبھا کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجیت پوار نے یہ بھی جانکاری دی کہ کچھ ارکان اسمبلی اپنے ذاتی مسائل کی وجہ سے اس میٹنگ میں نہیں آسکے اور وزیر دھرماراوبابا آترام کا آپریشن ہوا ہے، اس لیے وہ نہیں آسکے۔
اجیت پوار نے کہا کہ ان خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے کہ ہمارے ارکان اسمبلی مخالفین کے رابطے میں ہیں، تمام ایم ایل اے ہمارے ساتھ ہیں، یہ آج کی میٹنگ میں دیکھنے کو ملا۔ اجیت پوار نے کہا کہ میں خود بارامتی کے نتائج سے حیران ہوں، اس کے علاوہ میں وہاں کئی سالوں سے کام کر رہا ہوں۔ بارامتی کے لوگوں نے ہمیشہ مجھے ہر الیکشن میں بھرپور حمایت دی ہے۔ معلوم نہیں اس بار کیا ہوا۔
اجیت پوار نے یہ بھی کہا کہ ہم نے عوام کے سامنے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہایوتی کے سربراہوں کے ساتھ بات چیت کے بعد لوک سبھا کی 48 سیٹوں کے بارے میں فیصلہ لینے کے دوران جو خامیاں رہ گئیں ان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس الیکشن میں مسلم کمیونٹی نے خود کو ہم سے دور کر لیا تھا۔ مخالفین کی جانب سے آئین کے حوالے سے ایشو اٹھایا گیا اور اس بار یہ پروپیگنڈا کیا گیا کہ ’اب کی بار چار سو سے پار‘ آئین کو تبدیل کرنے کے لیے ہے۔ پسماندہ طبقات نے اس پروپیگنڈے پر یقین کیا۔ اس کے علاوہ ریزرویشن کا مسئلہ بھی تھا۔ اگر ہم مراٹھواڑہ کی سیٹوں پر نظر ڈالیں تو سمبھاجی نگر کی سیٹ کو چھوڑ کر مہا یوتی کو اس علاقے میں کوئی سیٹ نہیں مل سکی۔
ایم ایل اے کے ساتھ بات چیت کے بعد ہم نے کچھ نوٹ لیا ہے اور ان سے ہی فیصلے لینے ہوں گے۔ ہم اس سمت میں آگے بڑھیں گے۔ اجیت پوار نے یہ بھی واضح کیا کہ ہمیں یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ ان تین چار چیزوں کی وجہ سے ہمیں یقینی طور پر نقصان ہوا ہے۔