پارٹی کے ریاستی صدر کی تمام طبقات کو ساتھ لے کر پارٹی کومضبوط کرنے کی اپیل
ممبئی: آنے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر این سی پی نے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے کی صدارت میں ممبئی میں دو روزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس جلسے میں پارٹی کے ریاستی صدر نے پارٹی کے تمام کارکنان و عہدیدران سے تمام طبقات کو ساتھ لے کر پارٹی کو مضبوط کرنے کی اپیل کی ہے۔
اس دو روزہ اجلاس کے پہلے پارٹی کے ترجمانوں، ضلعی صدر، ریاستی عہدیداروں، سوشل سیل اور اقلیتی سیل کی میٹنگیں ہوئیں اور دوسرے دن این سی پی یوتھ ونگ، شعبہ خواتین، اسٹوڈنٹس ونگ اور او بی سی ڈپارٹمنٹ اور تمام فرنٹل اور سیلس کے سربراہان کی میٹنگیں ہوئیں۔ دوسرے دن این سی پی یوتھ ونگ کی جانب سے ’اجیت یووا یودھا‘ ممبرشپ رجسٹریشن مہم کی آن لائن ویب سائٹ کا آغاز سنیل تٹکرے نے کیا۔ اس کے علاوہ خواتین عہدیداروں نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طرف سے پیش کردہ بجٹ کی حمایت میں شکریہ کے بینر آویزاں کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر اسٹوڈنٹ سیل کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا کہ اجیت پوار کے یوم پیدائش کے موقع پر ریاست کے طلبہ کے لیے ’اسٹیٹ لیول اسٹڈی فیسٹیول‘ کا آغاز کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی سنیل تٹکرے کی سالگرہ کے موقع پر ریاست گیر مہم ’کالج میں برانچ‘ چلائی جائے گی۔
اس میٹنگ کی رہنمائی کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا اس سال پیش کردہ بجٹ عام لوگوں کو راحت فراہم کرنے والا ہے۔ اجیت پوار نے بجٹ میں کئی عوامی فلاحی اسکیموں کا اعلان کیا ہے۔ اب ان سکیموں کو سماج کے آخری آدمی تک لے جانے کا کام ہم سب کو کرنا ہے۔ ریاستی صدر نے آنے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر تمام طبقات مثلاً خواتین، نوجوانوں، طلباء وغیرہ کو پارٹی سے جوڑ کر پارٹی کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ عہدیداروں کو تمام فرنٹ اور سیل کو منظم کرنے اور مہایوتی حکومت کی مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کو عام لوگوں تک پہنچانے کی ہدایات دی گئیں۔
اس موقع پر ریاستی نائب صدر پرمود ہندو راؤ، ریاستی جنرل سکریٹری اور خزانچی شیواجی راؤ گرجے، ریاستی صدر خواتین، نوجوان، طلبہ، او بی سی، فرنٹل سیل، ریاستی افسران، معزز افسران اور کارکنان موجود تھے۔