ممبئی:نائب وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کاریاست میں صدرراج کے تعلق سے دعویٰ سراسربے بنیاد ہے۔ اس دعوے میں کوئی سچائی نہیں ہے اور این سی پی اس کو نہایت سختی سے مسترد کرتی ہے۔ یہ باتیں این سی پی کے چیف ترجمان مہیش تپاسے نے کہی ہیں۔
واضح رہے کہ نائب وزیراعلیٰ دیوندرفڈنویس نے ایک پروگرام میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ 2019کے انتخابات کے بعد مہاراشٹر میں صدرراج کا نفاذ کا شردپوار کی ایماء پرہوا تھا۔ فڈنویس کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مہیش تپاسے نے اسے بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی بتایا ہے۔اس کا کہنا ہے کہ اس دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
شرد پوار کی قیادت میں این سی پی نے جمہوریت کے اصولوں اور عوام کی مرضی کی مسلسل آبیاری کی ہے۔ ہم فڈنویس کو یاد دلانا چاہیں گے کہ مہاراشٹرا میں صدر راج نافذ کرنے کا فیصلہ مرکزی حکومت نے لیا تھا اور یہ الزام کہ پوار کی تجویز پر ایسا ہوا تھا جھوٹااور گمراہ کن ہے۔تپاسے نے کہا کہ چونکہ مہاراشٹرکے لوگ شردپوارکے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اس لیے لوگوں کو تذبذب میں مبتلاکرنے کے لیے فڈنویس کے ذریعے جان بوجھ کر یہ بیان دیا گیا ہے۔ تپاسے نے کہا کہ آپریشن لوٹس سے مہاراشٹر میں این سی پی کے ووٹوں کا زیادہ نقصان نہیں ہوا اس لیے عوام کو این سی پی برگشتہ کرنے کی مسلسل کوشش کی جارہی ہے۔ لیکن اس طرح کی کوشش کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ این سی پی اور مہاراشٹر کے لوگوں کو رشتہ ان کی توقع سے کہیں زیادہ مضبوط ہے، اپنے جھوٹے دعووں سے وہ نہ تو این سی پی کو کچھ نقصان پہنچاسکیں گے اور نہ ہی عوام کو گمراہ کرسکیں گے۔اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی پر شردپوار کا خوف کس بری طرح سوار ہے۔