ثناء ملک شیخ نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

انوشکتی نگر اسمبلی کی فضا ثنا ملک زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

ممبئی :انوشکتی نگر اسمبلی حلقہ سے مقامی رکن اسمبلی نواب ملک کی بیٹی ثنا ء ملک شیخ نے آج اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ مانخوردچلڈرن ہوم کے الیکشن کمیشن کے دفتر میں پرچہ نامزدگی داخل کیا۔اس موقع پر ان کے والد نواب ملک بھی ان کے ساتھ موجود تھے، واضح رہے کہ گزشتہ کل یہ اعلان کردیا گیا تھا کہ آج ثناء ملک شیخ این سی پی سے پرچہ نامزدگی داخل کریں گی ۔اس خبر کے عام ہوتے ہی پورے حلقے میں زور وشور سے تیاریاں شروع ہوگئیں اور مقامی عوام بے چینی سے آج صبح کا انتظار کرنے لگے.

آج صبح پانجرہ پول سارس باغ کے پاس واقع این سی پی کے دفتر میں ایک ہجوم بے کراں جمع ہوگیا اور جیسے ہی نواب ملک اور ثناء ملک شیخ دفتر سے باہر آئے فضا نواب ملک اور ثناء ملک زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی پھر یہ قافلہ الیکشن کمیشن کے دفترکی جانب کوچ کرنے لگا اس موقع پرپانجرہ پول سے مانخورد تک عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس امر کی گواہی دے رہا تھا کہ پورا حلقہ جیسے ثناء ملک شیخ کے ساتھ ہوگیا ہو،ڈھول تاشے کی آواز میں لوگ باگ جھوم کر خوشیاںمنا تے ہوئے یہ کہہ رہے تھے کہ انوشکتی نگر اسمبلی حلقہ اس بار ایک نئی تاریخ رقم کرے گا ،پہلی بار کوئی مسلم خاتون مہاراشٹر اسمبلی کے لئے منتخب ہوگی اور یہ شرف انوشکتی نگر کو حاصل ہوگا۔

پرچہ نامزدگی داخل کرنے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران ثناء ملک نے عزم وحوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ انوشکتی اسمبلی حلقہ اور یہاں کے عوام ان کے لئے نئے نہیں ہیں۔پچھلے پانچ سال سے وہ یہاں اپنے والد کی نیابت میں عوامی خدمات انجام دے رہی ہیں وہ عوام سے مدام رابطہ میں رہی ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی ہے،مقامی افراد نے انہیں ہمیشہ اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading