نئی دہلی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے دہلی اسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری برج موہن شریواستو نے ایک سرکاری اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ امیدوار دہلی کی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے پارٹی کے عزم کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان امیدواروں کو پارلیمانی بورڈ کی منظوری کے بعد نامزد کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے کے تحت 11 امیدوار میدان میں اتریں گے، جن میں بوراری سے رتن تیاگی، بادلی سے ملائم سنگھ، منگل پوری سے کھیم چند اور چاندنی چوک سے خالد الرحمان شامل ہیں۔ اسی طرح بلی ماران سے محمد ہارون، چھترپور سے نریندر تیواری، سنگم وہار سے شری قمر احمد اور اوکھلا سے عمران سیفی کو نامزد کیا گیا ہے۔ مزید برآں لکشمی نگر سے نماہا، سیما پوری سے راجیش لوہیا اور گوکل پوری سے جگدیش بھگت بھی این سی پی کے امیدوار ہوں گے۔ ان نامزدگیوں کے ساتھ پارٹی نے دہلی کے مختلف طبقات کی نمائندگی کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔
این سی پی کی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ امیدوار دہلی کی ترقیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ پارٹی نے اپنے بیان میں زور دیا ہے کہ یہ انتخاب دہلی کے لیے ترقی کی راہیں کھولنے کا موقع فراہم کرے گا۔ پارٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ امیدوار عوام کے مسائل جیسے تعلیم، صحت، بنیادی سہولیات اور سماجی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔
این سی پی کا یہ اقدام دہلی کی سیاست میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان امیدواروں کی حمایت کریں تاکہ دہلی کو ایک جدید اور ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کیا جا سکے۔ اس موقع پر پارٹی کی قیادت نے اپنے وعدوں کو دہراتے ہوئے کہا کہ این سی پی دہلی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
