سیلاب متاثرین کی زندگی کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے ہم پوری طاقت جھونک دیں گے: اجیت پوار
پونے: ریاست کے کئی علاقوں میں بارش نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے جس کی وجہ سے بعض مقامات پر سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ اس آفت سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی زندگی دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے حکومت پوری طاقت سے کوشش کرے گی، یہ یقین دہانی ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اور وزیر خزانہ اجیت پوار نے ناندیڑ ضلع کے سیلاب متاثرہ شہریوں کو کرائی ہے۔
اجیت پوار نے ناندیڑ ضلع کے کندھار تعلقہ کے منار ڈیم کے قریب واقع بہادر پورہ، شیکاپور اور گھوڑج گاؤں کے سیلاب متاثرین سے براہِ راست رابطہ کیا۔ یہ رابطہ کندھار کے رکن اسمبلی پرتاپ راؤ پاٹل چکھلیکر کے ذریعے ویڈیو کال کے ذریعہ ہوا۔ متاثرہ شہریوں نے اپنی مشکلات اور حالات سے نائب وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔اس دوران بارامتی کے مالیگاؤں کوآپریٹو شوگر فیکٹری کی سالانہ عام میٹنگ منعقد تھی۔ اسی موقع پر کندھار کے رکن اسمبلی پرتاپ راؤ پاٹل چکھلیکر نے اجیت پوار سے ویڈیو کال کے ذریعے بات چیت کرائی۔ اس گفتگو میں اجیت پوار نے تفصیل سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ ناندیڑ ضلع کے کن کن علاقوں میں شہری پھنسے ہوئے ہیں، کیا ان کی مدد کے لیے ہیلی کاپٹر یا فوج کی ضرورت ہوگی، اور کیا فوری طور پر این ڈی آر ایف (قومی آفات بچاؤ فورس) کی ٹیم بھیجنی چاہیے۔
اجیت پوار نے متاثرہ شہریوں کو یقین دلایا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں حکومت آپ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انتظامیہ کو تمام ضروری ہدایات دی جائیں گی۔ سیلاب اور آفت سے متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر مدد پہنچائی جائے گی۔ آپ کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے، حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ اس براہِ راست بات چیت سے ایک بار پھر اجیت پوار کی حساسیت اور فوری ردعمل ظاہر ہوا۔ انہوں نے نہ صرف متاثرہ شہریوں کو حوصلہ دیا بلکہ عملی سطح پر فوری اقدامات کرنے کا بھی یقین دلایا تاکہ ناندیڑ ضلع میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد ریلیف اور بحالی میسر آسکے۔
