NCP Urdu News 22 March 24

بی جے پی اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے: مہیش تپاسے
ممبئی: اب کی بار 400 پار کا نعرہ لگانے والی مودی حکومت اس قدر خوفزدہ ہوگئی کہ وہ چھپائے نہیں چھپ رہا ہے۔ اسی خوف کی وجہ سے وہ سیاست کے نہایت گھٹیا سطح پر اتر آئی ہے۔ یہ باتیں این سی پی شرد چندر پوار کے ترجمان مہیش تپاسے نے کہی ہیں۔وہ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔
مہیش تپاسے نے کہا کہ یہ بی جے پی کا خوف ہی ہے کہ اس نے ملک کی سب سے پرانی سیاسی پارٹی کے بینک اکاؤنٹ کو منجمد کرا دیا ہے اور اسی خوف کی وجہ سے اس نے دہلی کے منتخب وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو گرفتار کرایا ہے۔ بی جے پی کا یہ عمل جمہوریت کے سراسر خلاف ہے جس کا اسے سود سمیت حساب دینا ہوگا۔ مہیش تپاسے نے کہا کہ بی جے پی کو اپوزیشن پارٹیوں سے حد درجہ خوف ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے مرکزی جانچ ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے۔
مہیش تپاسے نے کہا کہ بی جے پی ہم پر کتنا ہی الزامات لگاتے ہوئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کرے، انڈیا الائنس کے تمام لیڈران و کارکنان اس ظلم و جمہوریت مخالف حکومت کے خلاف سڑکوں پر اتر کر لوک سبھا انتخابات میں اپنا موقف پیش کریں گے۔ ملک میں جمہوریت و آئین کے تحفظ کے لیے ہمیں جو قیمت ادا کرنی پڑے، ہم اس کے لیے تیار ہیں۔