تعزیتی ملاقات میں سیاسی باتیں نہیں کی جاتی ہیں اور یہ ہماری روایت بھی نہیں ہے: جینت پاٹل
ایم آئی ایم کے ساتھ اتحاد کی قیاس آرائی کو این سی پی کے ریاستی صدر نے خارج کردیا
اتر پردیش میں، ایم آئی ایم نے ایس پی کے ووٹ کاٹے جو بی جے پی کی جیت کا باعث ہوئی
ممبئی: امتیاز جلیل کی والدہ کے انتقال کے بعد وزیر صحت راجیش ٹوپے ان کے یہاں تعزیت کے لئے گئے تھے۔ ایسے وقت میں کوئی سیاسی بات کرنا قطعی نامناسب ہوتا ہے اور یہ ہماری روایت بھی نہیں ہے۔ اس لئے ایم آئی ایم سے اتحاد کے بارے میں کچھ بولنا مناسب نہیں ہوگا۔ امتیازجلیل سے راجیش ٹوپے سے ملاقات کے بعد ایم آئی ایم کے ساتھ اتحاد کے معاملے میں سیاسی حلقوں میں ایک بحث چل نکلی تھی جس پر جینت پاٹل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ وضاحت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اترپردیش ہو یا مہاراشٹرا، ایم آئی ایم کا کردار واضح ہے۔ اب اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن میں ان کا کیا رول ہوگا؟وہ بی جے پی کو جتانے والی ہے یا اسے ہرانے والی ہے؟ یہ بات ثابت ہوجائے گا۔جینت پاٹل نے کہا کہ اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کی بیشتر جگہوں پرشکست کے لئے ایم آئی ایم ہی وجہ بنی ہے۔ ایم آئی ایم کو ثابت کرناچاہئے کہ اسے بی جے پی کی جیت سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اسے ہم خیال پارٹیوں کی توقع کے مطابق موقف اختیار کرنا چاہئے۔ اسے اشتعال انگیز زبان بھی استعمال نہیں کرنی چاہئے۔