ممبئی: این سی پی-ایس پی کے قومی صدر شرد پوار نے تین ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ مہاراشٹر میں الیکشن کا اعلان نہ ہونے پر مودی حکومت پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر، ہریانہ اور جھارکھنڈ میں انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں سیاسی ماحول گرم ہو چکا ہے، لیکن مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔ وزیر اعظم مودی ون نیشن ون الیکشن کی بات کرتے ہیں مگر 4 ریاستوں میں ایک ساتھ الیکشن نہیں کرا سکتے۔
شرد پوار نے اس صورتحال کو متضاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک مہاراشٹر کے انتخابات کا شیڈول واضح نہیں ہوتا، وزیراعظم نریندر مودی کے ون نیشن ون الیکشن کا موقف کو تضاد ہی کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مہاراشٹر اور ہریانہ کے انتخابات ایک ساتھ ہوتے تھے لیکن اس بار جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کے لیے بڑے پیمانے پر سیکیورٹی کے انتظامات کرنے پڑیں گے، جب کہ مہاراشٹر میں گنیش اتسو، پتر پکش، نوراتری اور دیوالی جیسے تہواروں کے بہانے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔ جبکہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی مہاراشٹر میں انتخابات کرانے ہوں گے۔
شرد پوار نے بنگلہ دیش میں اقتدار کی تبدیلی پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے اثرات مہاراشٹر میں بھی محسوس ہوں گے؟ اس کے بارے میں کبھی سوچا تک نہیں گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حالات میں سماجی یکجہتی اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ ریاست میں امن و امان کے قیام کے لیے سماجی اور سیاسی شخصیات کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔
شرد پوار نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پالیسی اور اس کی کارروائی پر بات کی جا سکتی ہے لیکن اس وقت امن اور ہم آہنگی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ دوسرے ممالک میں ہونے والے واقعات کی وجہ سے ہماری ریاست کے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں نہیں پڑنی چاہئے۔