’کھوکے ‘لے کر ’اوکے ‘ہونے والی حکومت ہائے ہائے

اسمبلی اجلاس کے پہلے ہی دن اپوزیشن کا حکومت کے خلاف زبردست احتجاج

ممبئی: ریاست کے شدید بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں میں قحط کا اعلان کیا جائے، شدیدبارش سے متاثرہونے والوں کی فوری مدد کی جائے، ای ڈی سرکار ہائے ہائے، ’کھوکے‘ (کروڑو روپئے) لے کر ’اوکے‘ ہونے والی حکومت ہائے ہائے، مہاراشٹرسے غداری، اقتدار میں آئی شندے کی سواری جیسے زوردار نعروں کے ساتھ آج اسمبلی اجلاس کے پہلے ہی دن احاطہئ اسمبلی میں حزبِ مخالف پارٹیوں کے لیڈران نے حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔

اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اجیت پوار اور قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف امباداس دانوے کی قیادت میں مہاوکاس اگھاڑی کے ایم ایل اے ودھان بھون کی سیڑھیوں کے پاس جمع ہوکر حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ اس احتجاج سے اپوزیشن نے حکومت کے خلاف اپنا جارحانہ رویہ ظاہر کردیا ہے جس سے حکومت سکتے میں آگئی ہے۔ احتجاج کے دوران اپوزیشن کے لیڈروں نے حکومت سے ریاست کے شدیدبارش سے متاثرہ اضلاع میں قحط کا اعلان کرنے اوربارش سے متاثرہونے والے کسانوں کی فوری مدد دینے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر اجیت پوار نے کہا کہ حکومت نے متاثرہ کسانو ں کے لیے مدد کا جواعلان کیا ہے وہ نقصان کے مقابلے میں نہایت کم ہے۔ جبکہ شدید بارش کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ کے فصل تباہ ہوئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں سیلابی صورت پیدا ہوگئی ہے۔ ایسے میں حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کی مدد کرتی لیکن وہ محکموں کی تقسیم کے بندربانٹ میں ہی الجھی ہوئی ہے۔ ایسے میں ریاست کے کسان خود کو بے آسر محسوس کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس احتجاج میں این سی پی، کانگریس وشیوسینا کے ایم ایل اے متحدہ طور پر شامل تھے اور ان کی نعرے بازی سے پوری اسمبلی گونج رہی تھی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading