زندگی بھرایک مذہب سے نفرت کرنے اور انتخابات آتے ہی سیکولرازم کی بات کرنے والوں سے ہوشیار رہیں: سنیل تٹکرے
منڈنگڑھ کے بعد داپولی میں بھی اقلیتی کانفرنس کا انعقاد
داپولی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے ریاستی صدر اور رائے گڑھ لوک سبھا حلقہ کے امیدوار ایم پی سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ وہ ان لوگوں سے ہوشیار رہیں جو انتخابات کے دوران سیکولرازم کی بات کر رہے ہیں لیکن ساری زندگی ایک مذہب کے خلاف نفرت کو بڑھاوا دیتے ہیں۔ سنیچر کو داپولی میں منعقدہ اقلیتی طبقے کے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تٹکرے نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی نے ہمیں کبھی مہایوتی میں سیکولرازم سے کسی بھی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لیے کہا۔ قبل ازیں تٹکرے نے منڈنگڑھ میں بھی ایک اقلیتی کانفرنس سے خطاب کیا۔
سنیل تٹکرے نے کہا کہ وہ حکومت ہند کی اسکیموں کے ذریعہ صنعتیں لانے کی کوشش کریں گے تاکہ ملازمت کی تلاش میں خلیجی ممالک جانے والے مسلم نوجوانوں کو اپنے ہی یہاں روزگار مل سکے۔ سنیل تٹکرے نے کہا کہ اننت گیتے نے کنبی برادری کے نام پر کئی الیکشن لڑے، لیکن کنبی سوشل ویلفیئر گروپ کی تشکیل تک مکمل نہیں کر سکے جو 40 سال سے پھنسا ہوا تھا، مگر اجیت دادا پوار نے فوری طور پر اسے مکمل کرایا۔ تٹکرے نے کہا کہ میں نے حلقہ میں سب کا اعتماد جیت کر کام کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں اپیل کرتا ہوں کہ مجھے لوک سبھا میں جانے کا ایک اور موقع دیں اور آنے والے انتخاب میں مجھے اپنے ووٹوں سے نوازیں۔
اس کانفرنس میں این سی پی اقلیتی سیل کے انچارج اور ریاستی جنرل سکریٹری نجیب ملا اور داپولی کے نائب سربراہ خالد رکھانگے نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کے علاوہ اقلیتی سیل کے علاقائی صدر ادریس نائکواڑی، ایگزیکٹو صدر وسیم برہان، اسمبلی اسپیکر مجیب رومانے اور تعلقہ صدر جیونت جلگاؤںکر سمیت کئی عہدیدار اور کارکنان موجود تھے۔