کسانوں کو انصاف دلانے کے لئے مہاراشٹر بند میں شامل ہوں: نواب ملک

ممبئی: لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے ساتھ ہونے والے دلدوز سانحے اور گزشتہ ۹ ماہ سے جاری کسانوں کے احتجاج سے مرکزی حکومت کے صرفِ نظر کے خلاف مہاوکاس اگھاڑی کے مہاراشٹربند میں سبھی لوگ بھرپور طریقے سے شامل ہوں۔ یہ بند نہ صرف لکھیم پور کھیری میں بے قصور کسانوں کے قتل کے خلاف ہے بلکہ ملک بھر کے کسانوں کو انصاف دلانے کے لئے بھی ہے۔ اس لئے اس بند کو کامیاب کرنا ریاست کے ہرشہری کی ذمہ داری ہے۔ یہ باتیں آج یہاں این سی پی کے قومی ترجمان واقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے کہی ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواب ملک نے کہا کہ جس طرح ایک مرکزی وزیر کے بیٹے نے لکھیم پور کھیری میں بے پرامن احتجاج کرنے والے کسانوں پر اپنی گاڑی چڑھا کر روندا ہے، وہ انسانیت کو شرمشار کرنے والا ہے۔ کسانوں کا یہ قتل بی جے پی کی کسان مخالف پالیسی کی وجہ ہے۔کسانوں کے اس قتل سے آج پورا ملک ناراض ہے اور مہاراشٹر کی عوام کسانوں کے ساتھ ہے۔ یہ بند کسانوں کو انصاف دلانے کے لئے اور انہیں قتل کرنے والے ویزرکے بیٹے کو قرار واقعی سزادلانے کے مطالبے کے طور پر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ریاست کی عوام اس بند کو مکمل طو رپر کامیاب کرے گی۔نواب ملک نے کہاکہ گوکہ یہ بند مکمل طو ر پر ریاست گیر ہوگا لیکن بنیادی ضروریات کی فراہمی کو اس بند سے علاحدہ رکھا گیا ہے۔ بنیادی ضروریات فراہم کرنے والوں کے لئے کوئی روک نہیں ہوگی۔ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بند میں رضاکارانہ طور پر شامل ہوکر کسانوں کے لئے انصاف کی لڑائی کو مضبوط کریں۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔