بی جے پی کے ایم ایل ایز پارٹی میں آنا چاہتے ہیں، مگر ابھی تک پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا
ممبئی: راشٹروادی کانگریس پارٹی کے 12ممبرانِ اسمبلی کے پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کی خبر کی پارٹی نے آج یہاں نرا افواہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بی جے پی کے کئی ایم ایل ایز پارٹی میں آنا چاہتے ہیں، مگر اس تعلق سے ابھی تک پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے یہ معاملہ ہنوز معلق ہے۔ واضح رہے کہ میڈیا میں بی جے پی لیڈران کے حوالے سے یہ خبریں آئی تھیں کہ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے 12ممبرانِ اسمبلی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان نواب ملک نے اس ضمن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نرا افواہ ہے۔ راشٹروادی کا کوئی بھی ایم ایل اے بی جے پی میں شامل نہیں ہونے والا ہے۔ یہ بی جے پی لیڈران کے ذریعے پھیلائی گئی افواہ ہے جس کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ میڈیا میں جھوٹ پھیلارہے ہیں کہ راشٹروادی کانگریس کے ایم ایل اے پارٹی چھوڑنے والے ہیں۔ جبکہ سچائی یہ ہے کہ الیکشن سے قبل پارٹی کے جو لیڈران بی جے پی میں شامل ہوئے تھے اور منتخب ہوئے ہیں، وہ دوبارہ پارٹی میں گھرواپسی کرناچاہتے ہیں۔ لیکن اس سلسلے میں پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے ان کی گھرواپسی ہنوزمعلق ہے۔ جب پارٹی اس ضمن میں کوئی فیصلہ کرلے گی تو اس سے آگاہ کردیا جائے گا۔
