NCP Urdu News 07 Feb. 26

رام داس کدم ریاستی صدر سنیل تٹکرے کے خلاف نازیبا تبصرے سے باز رہیں:آنند پرانجپے

تھانے: رام داس کدم کی جانب سے ریاستی صدر سنیل تٹکرے کے خلاف نازیبا بیانات پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے چیف ترجمان آنند پرانجپے نے واضح کیا ہے کہ ایسی زبان برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پارٹی اسی لہجے میں جواب دینے سے گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر رام داس کدم نے اپنی زبان پر قابو نہ رکھا تو انہیں ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔

آنند پرانجپے نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف سنیترہ اجیت پوار کی جانب سے لینا نیشنلسٹ پارٹی کا باقاعدہ اور اجتماعی فیصلہ تھا۔ اس کے باوجود شیوسینا کے لیڈر رام داس کدم کی طرف سے پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے کے خلاف نازیبا اور غیر شائستہ تبصرے کیے جا رہے ہیں، جو کسی بھی طور قابلِ قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھاکرے گروپ کے لیڈر انل پرب نے اسمبلی میں رام داس کدم کے خلاف جو الزامات عائد کیے تھے اور ان کے خاندان سے منسوب ڈانس بار سے متعلق معاملات پر پارٹی خاموش ہے، لیکن اس خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ نیشنلسٹ پارٹی نے ہمیشہ اتحاد کی سیاست کے اصولوں کی پاسداری کی ہے اور سنیل تٹکرے نے بھی اتحادی دھرم کو پوری دیانت داری سے نبھایا ہے۔

آنند پرانجپے نے اجیت دادا پوار کے حادثے کے حوالے سے کہا کہ اس معاملے کی سی آئی ڈی کے ذریعے جانچ شروع ہو چکی ہے، جس کا حکم وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے دیا ہے۔ اس جانچ کی مکمل اور شفاف تفصیلات عوام کے سامنے آنا ضروری ہیں۔ اگر کسی رکن پارلیمنٹ کو شبہات ہیں تو انہیں متعلقہ مرکزی وزیر سے رجوع کرنا چاہیے، غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سنیترہ اجیت پوار کو پارٹی کا قومی صدر بنایا جانا بہت سے لیڈروں اور کارکنوں کی خواہش ہے۔ آئینی اور تنظیمی طریقۂ کار مکمل ہونے کے بعد اس حوالے سے فیصلہ پارٹی فورم پر کیا جائے گا، کیونکہ یہ حق پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں کو حاصل ہے۔ آنند پرانجپے نے کہا کہ حالیہ میونسپل کارپوریشن انتخابات میں تھانے کی عوام نے نیشنلسٹ پارٹی کو اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داری دی ہے۔ کوکن بھون میں پارٹی نے اپنا گروپ تشکیل دیا ہے اور آئندہ حکمتِ عملی سے متعلق فیصلے گروپ لیڈر نجیب ملا اپنی سطح پر کریں گے۔

NCP Urdu News 07 Feb. 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading