NCP-SP Urdu News 27 Oct 24

این سی پی-ایس پی کی تیسری فہرست کا اعلان، 76 امیدوار میدان میں، 11 خواتین کو ٹکٹ

ممبئی: این سی پی-ایس پی نے مہاراشٹر اسمبلی الیکشن 2024 کے لیے اپنی تیسری فہرست کا اعلان کر دیا ہے، جس میں 9 امیدواروں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے پارٹی نے دو فہرستوں میں 67 امیدواروں کا اعلان کیا تھا، اس طرح اب تک کل 76 امیدواروں کی فہرست جاری کی جا چکی ہے۔ شرد چندر پوار کی پارٹی نے خواتین کی نمائندگی کو ترجیح دیتے ہوئے اب تک 11 خواتین کو ٹکٹ دیا ہے۔

پارٹی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے ممبئی میں ریاستی دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں امیدواروں کی تیسری فہرست کا اعلان کیا۔ انہوں نے موجودہ مہاراشٹر حکومت پر سخت تنقید کی اور ریاست میں خواتین کی عدم تحفظ کے مسئلے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ جینت پاٹل کا کہنا تھا کہ "مہاراشٹر میں ہماری پیاری بہنیں محفوظ نہیں ہیں، اور موجودہ حکومت اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

جینت پاٹل نے آج صبح باندرہ ٹرمینس پر پیش آنے والے حادثے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھگدڑ کے باعث 9 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ باندرہ ٹرمینس پر رش کو کنٹرول کرنے میں ناکامی حکومت کی نااہلی کو ظاہر کرتی ہے۔

این سی پی-ایس پی کی تیسری فہرست میں شامل امیدواروں میں کارنجہ سے گیاک پٹنی، ہنگن گھاٹ سے اتل وندیلے، ہنگنہ سے رمیش بنگ، انوشکتی نگر سے فہد احمد، چنچوڑ سے راہل کلاٹے، بھوسری سے اجیت گوانے، ماجلگاؤں سے موہن باجی راؤ جگتاپ، پرلی سے راج صاحب دیش مکھ اور موہول سے سدھی رمیش کدم کے نام شامل ہیں۔ اس موقع پر پارٹی کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران عوامی مسائل پر توجہ دینے اور خواتین کی نمائندگی میں اضافہ کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading