NCP-SP Urdu News 22 July 24

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر ملک کے وزیر داخلہ جھوٹا بیانیہ تیار کر رہے ہیں: مہیش تپاسے

ممبئی: بی جے پی کی پونے میں ہونے والی کارکنوں کی میٹنگ میں داخلہ امت شاہ نے این سی پی-ایس پی کے قومی صدر شرد پوار پر بدعنوانی کے الزام عائد کیے۔ امت شاہ نے شرد پوار صاحب کے بارے میں جو باتیں کہیں، انہیں کسی طور ملک کے وزیر داخلہ کے منصب پر فائز شخص کے شایان شان نہیں کہا جا سکتا۔ یہ ملک کے وزیر داخلہ کے ذریعے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ایک جھوٹا بیانیہ تیار کرنے کی کوشش ہے۔یہ باتیں این سی پی- ایس پی کے ریاستی ترجمان مہیش تپاسے نے کہی ہیں۔

یہاں پارٹی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے این سی پی کے چیف ترجمان نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کا کام ہی جھوٹا اور جعلی بیانیہ تیار کرنا رہ گیا ہے۔ وہ منطقی اور واقعاتی طور پر کسی بات کا جواب نہیں دے سکتے، اس لیے یہ اپنے جھوٹ اور بدعنوانی کو چھپانے کے لیے دوسروں پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہیں۔ مگر ریاست ہی نہیں ملک کی عوام بھی ان کے جھوٹ اور بدعنوانی سے اچھی طرح واقف ہوچکی ہے اور وہ ان کے اس طرح کے جھوٹے بیانیے کا شکار نہیں ہوگی۔

مہیش تپاسے نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے سیاسی مفاد کے لیے شرد پوار پر بدعنوانی کا جھوٹا الزام لگا رہی ہے لیکن اسے یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ لوک سبھا الیکشن سے قبل بھی ان کے سپریم لیڈر نے پوار صاحب کے بارے میں نازیبا بات اور جھوٹ پھیلانے کی کوشش کی تھی۔ ان کے جھوٹ اور توہین آمیز بیان کا ریاست کی عوام نے اپنے ووٹوں سے جواب دیا تھا۔ ملک کے وزیر داخلہ کے ذریعے جو جھوٹ بولا جا رہا ہے اور جو تہمت لگائی جا رہی ہے، ریاست کی عوام اسمبلی انتخابات میں اس کا یقیناً جواب دےگی۔

ریزرویشن کے بارے میں این سی پی- ایس پی کے ترجمان مہیش تپاسے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ریاست میں ریزرویشن کے سلسلے میں آل پارٹی میٹنگ بلانے کا مطالبہ این سی پی-ایس پی کی جانب سے پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔ تپاسے نے کہا کہ ریزرویشن کی حد کو 50 فیصد سے زیادہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا، لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت ریزرویشن کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے اور قانونی طور پر ریزرویشن کی حد میں اضافہ نہیں کر رہی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading