بی جے پی رکن اسمبلی گوپی چند پڈلکر کے توہین آمیز بیان کے خلاف ممبئی میں این سی پی (شرد پوار ) کا احتجاجی مظاہرہ
ممبئی: بی جے پی کے رکن اسمبلی گوپی چند پڈلکر کی جانب سے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کے سینیئر لیڈر اور سابق وزیر جینت پاٹل پر کیے گئے مبینہ طور پر غیر شائستہ اور توہین آمیز تبصرے کے خلاف آج ممبئی میں پارٹی کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پارٹی نے کہا ہے کہ یہ طرزِ عمل مہاراشٹر کی سیاسی ثقافت پر بدنما داغ ہے اور اسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت ممبئی صدر راکھی جادھو اور یوتھ ونگ ممبئی کے صدر ایڈوکیٹ امول ماتیلے نے کی۔ یہ مظاہرہ شیواجی نگر، گوونڈی کے راجارام باپو پاٹل گراؤنڈ پر منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے بڑی تعداد میں کارکنان شریک ہوئے۔ ایڈوکیٹ امول ماتیلے نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب تک گوپی چند پڈلکر عوامی طور پر غیر مشروط معافی نہیں مانگتے تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔ اگر انہوں نے معافی نہیں مانگی تو این سی پی (شرد پوار) بی جے پی کے دفاتر کے سامنے براہِ راست احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔
پارٹی کی ممبئی صدر راکھی جادھو نے کہا کہ مہاراشٹر کی سیاسی تہذیب کی توہین کرنے والوں کو جمہوری طریقے سے سخت جواب دیا جائے گا۔ خواتین اور بزرگوں کی توہین کرنے والے کو سماج کبھی معاف نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کو اس معاملے پر اپنی باضابطہ پالیسی واضح کرنی چاہیے۔ اگر پڈلکر کے خلاف اندرونِ پارٹی کارروائی نہیں ہوئی تو ممبئی میں بی جے پی کے ہر پروگرام کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پارٹی نے اپنی باضابطہ مطالبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر حکومت اس معاملے پر سخت نوٹس لے اور گوپی چند پڈلکر کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ پارٹی کے مطابق یہ صرف ایک رہنما کی توہین نہیں بلکہ مہاراشٹر کی سیاسی روایت اور کلچر کی توہین ہے۔ اس احتجاج میں ضلعی صدر ملند کامبلے، دھننجے دادا پسال، عارف بھائی سید، ممبئی خواتین ونگ کی صدر پریا تائی بانڈوڈکر سمیت بڑی تعداد میں عہدیداران اور کارکنان شامل ہوئے۔ پارٹی نے واضح کیا ہے کہ مہاراشٹر کی سیاسی ثقافت کی توہین کرنے والوں کو کسی حال میں نہیں چھوڑا جائے گا۔ جب تک پڈلکر معافی نہیں مانگتے اور حکومت کارروائی نہیں کرتی، احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔
NCP-SP Urdu News 21 sep 25.docx