NCP-SP Urdu News 19 Nov 25

مہاراشٹر اور ممبئی کے مفاد میں اختیار کیے گئے ہر آئینی موقف کی ہم حمایت کرتے رہیں گے: سپریا سولے

کانگریس کے وفد نے شرد پوار سے ملاقات میں ریاستی مسائل پر تبادلۂ خیال، ڈرگس معاملے پر وزیرِ اعلیٰ کو لکھے گئے خط پر وضاحت کی ضرورت نہیں تھی

ممبئی: این سی پی- ایس پی کی قومی کارگذار صدر اور رکنِ پارلیمنٹ سپریا سولے نے کہا ہے کہ مہاراشٹر اور ممبئی کے مفاد میں جو بھی آئینی مؤقف اختیار کیا جاتا ہے، ان کی پارٹی نے ہمیشہ اس کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سپریا سولے نے کہا کہ کانگریس کا ایک وفد شرد پوار سے ملاقات کے لیے آیا تھا، جہاں مہاراشٹر اور ممبئی کے کئی اہم مسائل پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے اس سلسلے میں تفصیلی بات چیت ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس کے ساتھ تعاون کی پالیسی پہلے بھی برقرار تھی اور آئندہ بھی رہے گی اور ایک ہفتے میں سیاسی صورتحال کی مکمل تصویر سامنے آجائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مہاراشٹر اور ممبئی کے مفاد میں جو بھی بہتر ہوگا وہ اسی کا ساتھ دیں گی۔

ڈرگس کے معاملے میں وزیرِ اعلیٰ کو لکھے گئے خط کے بارے میں سپریا سولے نے کہا کہ نہ انہیں کوئی خط ملا اور نہ ان کے دفتر میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگس مخالف مہم کے سلسلے میں میں نے وزیرِ اعلیٰ کو ایک ماں، ایک شہری اور ایک عوامی نمائندے کی حیثیت سے خط لکھا تھا۔ انہوں نے تعجب ظاہر کیا کہ وزیرِ اعلیٰ نے انہیں کیوں وضاحت بھیجی، جبکہ اصل الزامات انجلی دمانیا نے عائد کیے تھے، اس لیے انہیں دمانیا کو وضاحتی خط بھیجنا چاہیے تھا۔ سپریا سولے نے کابینی اجلاس کے بائیکاٹ کے معاملے پر کہا کہ مہاراشٹر سے محبت کرنے والوں کو چاہیے کہ کابینی اجلاسوں کا بائیکاٹ نہ کریں، کیونکہ اس سے عوامی مسائل پر بات چیت نہیں ہو پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کام نہ ہو سکے تو استعفیٰ دیا جا سکتا ہے۔ حکومت آپ کی ہے، اگر آپ کو ہی انصاف نہیں مل رہا تو پھر اقتدار چھوڑ دیجئے۔

پونے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سپریا سولے نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافے، ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسئلے، ڈرگس کے پھیلاؤ، نوجوانوں میں بڑھتی نشے کی لت اور انتظامیہ میں ہم آہنگی کے فقدان نے شہر میں جرائم کا گراف بڑھا دیا ہے۔ قانون و انتظام کی صورتحال تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، پولیس پر بہت زیادہ دباؤ ہے اور جرائم پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور منظم اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی ماڈل کے بجائے سی ایس آر فنڈ سے اسپتال چلانا زیادہ بہتر اور کارآمد متبادل ہو سکتا ہے۔ سپریا سولے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کابینی وزیر چھگن بھجبل گزشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں داخل ہیں اور وہ ان کے اہلِ خانہ کے مسلسل رابطے میں رہیں۔ اُس وقت آئی سی یو میں ہونے کی وجہ سے وہ ان سے ملنے نہیں گئی تھیں، مگر آج انہوں نے اسپتال پہنچ کر ان کی عیادت کی اور اب بھجبل کو آج یا کل میں ڈسچارج ملنے کا امکان ہے۔

NCP-SP Urdu News 19 Nov. 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading