NCP-SP Urdu News 11 April 25

پہاڑی علاقوں میں پانی کا شدید بحران، این سی پی- ایس پی کے وفد کی پانی سپلائی محکمہ کے انجینئر سے ملاقات

پانی کا مسئلہ جلد از جلد حل نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی تحریک چلانے کا سخت انتباہ

ممبئی: مشرقی ممبئی کے کئی پہاڑی اور پسماندہ علاقوں میں جاری پانی کے شدید بحران پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شردچند پوار نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کو سخت انتباہ دیتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان اور یوتھ ونگ ممبئی کے صدر ایڈوکیٹ امول ماتیلے کی قیادت میں ایک وفد نے مشرقی مضافات کے نائب آبی انجینئر شنتارام رانے اور ایگزیکٹو انجینئر، واٹر ڈپارٹمنٹ سے ملاقات کی اور ان علاقوں میں برسوں سے پانی کی کمی سے جوجھ رہے شہریوں کے مسائل ان کے سامنے رکھے۔

گھاٹکوپر ویسٹ کے پارسی واڑی، گوساوی چال، آزاد نگر، کاجو ٹیکڑی، سدھارتھ نگر، رام جی نگر، کھنڈوبا ٹیکڑی، وکرولی پارک سائٹ، ورسھا نگر، ناگوبا نگر، پَوئی کے گوتم نگر، سوامی نارائن نگر، اور چندیولی کے نارائن نگر، اشوک نگر، تین نمبر علاقہ و 90 فٹ روڈ جیسے علاقوں میں رہائش پذیر ہزاروں خاندانوں کو روزانہ پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ وفد نے بتایا کہ ان بستیوں میں رات تقریباً گیارہ بجے، وہ بھی انتہائی کم دباؤ کے ساتھ، بمشکل آدھے گھنٹے کے لیے پانی فراہم کیا جاتا ہے، جو اکثر گھروں تک پہنچ ہی نہیں پاتا۔ اس صورتحال سے بزرگوں، خواتین، بچوں اور خاص طور پر بیمار افراد کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

پارٹی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ شہریوں کی جانب سے بار بار تحریری شکایتوں کے باوجود میونسپل انتظامیہ نے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا۔ ایڈوکیٹ امول ماتلے نے کہا کہ یہ صرف عوام کی ضرورت نہیں بلکہ ان کا حق ہے، اور وہ اس حق کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی انسانی زندگی کا بنیادی حق ہے اور اگر اسے حاصل کرنے کے لیے بھی جدوجہد کرنا پڑے تو یہ انتظامیہ کے لیے باعثِ شرم ہے۔

پارٹی نے تین اہم مطالبات پیش کیے ہیں کہ پہاڑی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو وقت پر اور مناسب دباؤ سے صاف پانی مہیا کیا جائے، ان علاقوں میں پمپنگ اسٹیشنز اور پانی کی ٹنکیاں قائم کرنے کا عمل فوری شروع کیا جائے، اور پانی کی فراہمی کو منظم، منصوبہ بند اور مستقل بنایا جائے۔ اگر انتظامیہ نے فوری طور پر مثبت قدم نہ اٹھایا تو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد پوار گروپ کی جانب سے شدید احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری میونسپل انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

ایڈوکیٹ امول ماتلے نے کہا کہ ہمیں خیرات نہیں، انصاف چاہیے! ہمیں بھیک نہیں، اپنا حق چاہیے۔ صاف پانی ہمارا بنیادی حق ہے۔ اس احتجاجی ملاقات کے موقع پر یوتھ کانگریس مشرقی ممبئی کے صدر کیلاش کوشر، ممبئی جنرل سیکریٹری عمران تڑوی، سیکریٹری حنیف پٹیل، گھاٹکوپر تعلقہ صدر پرشانت کالیکر، کارگذار صدر اکشے کھلارے، چندیولی تعلقہ صدر قطب عالم شاہ، تعلقہ صدر انور دلوی، جنرل سیکریٹری راہول ٹیکیکر، وارڈ صدر مبارک شیخ اور خلیل مامو شیخ سمیت متعدد عہدیداران بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading