Nawab Malik Urdu News 19 Nov 24

نواب ملک اور ثنا ملک کی ووٹروں سے صد فیصد حقِ رائے دہی کے استعمال کی اپیل

ممبئی: آج ریاست بھر میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل پورے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ عوام جمہوری عمل میں اپنی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بڑی تعداد میں پولنگ بوتھس کا رخ کر رہے ہیں۔ این سی پی کے سینئر رہنما نواب ملک اور ان کی صاحبزادی ثنا ملک نے عوام سے اپنے ووٹ کے حق کا بھرپور استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔

میڈیا کے لیے جاری ایک بیان میں نواب ملک نے کہا ہے کہ ووٹ دینا نہ صرف ایک آئینی حق ہے بلکہ یہ ہر شہری کا قومی فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہے کہ ووٹ ہماری وہ طاقت ہے جو نہ صرف جمہوریت کو مضبوط بناتی ہے بلکہ ہمیں اپنی قسمت کے فیصلے خود کرنے کا اختیار بھی دیتی ہے۔ ہمارا ووٹ ایک بہتر قیادت کے انتخاب اور ایک خوشحال مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔ نواب ملک نے مزید کہا ہے کہ عوامی شرکت جمہوری نظام کی اصل روح ہے اور اسی سے حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال سمجھداری سے کریں اور ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو ان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت فیصلے کرنے کا ہے اور آپ کا فیصلہ آپ کے حلقے، ریاست اور ملک کے لیے ایک مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔

ثنا ملک نے بھی اسی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بنیاد عوامی شرکت پر قائم ہے اور حق رائے دہی کا استعمال اس کی مضبوطی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ووٹ اہمیت رکھتا ہے۔ یہ نہ صرف آج کے مسائل کا حل تلاش کرنے میں مددگار ہے بلکہ ہماری آئندہ نسلوں کے لیے ایک بہتر مستقبل کی بنیاد بھی رکھتا ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی شرکت یقینی بنائیں اور آج کے دن کو محض تعطیل کے طور پر نہ گزاریں۔ ثنا ملک نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ انتخابات محض ایک رسمی عمل نہیں بلکہ یہ ایک موقع ہے، جو ہمیں اپنی ضروریات اور توقعات کے مطابق قیادت منتخب کرنے کا حق دیتا ہے۔ اس لیے ہم سب کو چاہیے کہ ہم اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچانیں اور اس دن کو ملک کی ترقی کے لیے استعمال کریں۔

نواب ملک اور ثنا ملک جیسے لیڈروں کی جانب سے ووٹ ڈالنے کی اپیل نے عوامی شعور کو بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آج کے دن ووٹنگ کی مجموعی شرح کیا رہتی ہے اور یہ جمہوری عمل ریاست کے مستقبل کو کس سمت لے جاتا ہے۔ عوام کی جانب سے جوش و خروش کے ساتھ جمہوری عمل میں حصہ لینا ایک مثبت اشارہ ہے، جو نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک کے لیے امید افزا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading