ناندیڑ:فائنانسر نے چار لوگوں کی پٹائی کردی

0 32

ناندیڑشہر کے فائنانسردیپوسنگھ مہاراج کے خلاف چار مقدمات درج

ناندیڑ:16اکتوبر(ور قِ تازہ نیوز)سود پر حاصل رقم کی وقت پر ادائیگی نہ کرنے پر ناندیڑ شہر کے چار افراد کو جبراً آفس میں قید کرکے انکی پٹائی کرنے کے معاملے میں ہنگولی گیٹ علاقہ کے دیپو سنگھ مہاراج نامی فائنانسر کے خلاف شہر کے چار پولس اسٹیشنوں میں مارپیٹ اور زبردستی قید کرکے رکھنے کامقدمہ درج کیاگیا ہے۔ان چاروں مقدمات کی تفصیلات یوں ہے کہ شیواجی نگر پولس اسٹیشن میں فریادی سنجے اشوک کامڑے عمر 22 سال ساکن جئے بھیم نگر ناندیڑ نے شکایت درج کروائی کہ اُس نے دیپو مہاراج فائنانسر سے سود پر 6500 روپے لئے تھے ۔ یکم اکتوبر کو صبح آٹھ تاساڑھے آٹھ بجے کے درمیا ن گنیش نگر وائے پوائنٹ کے پاس مہاراج کے آفس کے لوگ آئے اور فریادی کو جبراً انووا گاڑی نمبر MH 26-AK- 7171 میں سوارکرکے ہنگولی گیٹ کے دیپو مہاراج کے آفس ہجوری خالصہ لے جاکر پائپ سے مارپیٹ کی اور جان سے مارنے کی دھمکی دے کر گالی گلوچ کرکے قید کرکے رکھا ۔جس کی اطلاع پولس کو ملنے پر کل 13اکتوبر کو یہاں پر چھاپہ مارکر فریادی کو فائنانسر کی قید سے آزاد کروایا ۔ پولس نے اس معاملے میں ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 363‘342‘323‘506]143‘147 کے تحت جرم درج کیاگیا ہے ۔
٭وزیرآباد:فریادی شیخ سخاءالدین زین الدین عمر 27 سال ساکن منیارگلی قدیم کڑوی منڈی بسمت نے اپنی شکایت میں کہا کہ دیپ سنگھ مہاراج کے آفس سے فریادی کے دوست نے سود پر رقم حاصل کی تھی ۔لیکن وہ سود کی رقم وقت پر ادا نہیںکرسکتا اسی بات پر فائنانس آفس کے لوگوں نے 13اکتوبر کوصبح گیارہ بجے فریادی کے دوست کو جبراً اٹھا لیااور آفس میں لے جاکر قید کرکے رکھا ۔ پولس نے دیپ سنگھ مہاراج اورانکے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کردیا ہے ۔وزیر آباد پولس اسٹیشن میں ہی فریادی صاحب راو¿ سونسڑے نے شکایت درج کروائی کہ اُس نے دیپو مہاراج سے فائنانس پر رقم لی تھی لیکن سود کی رقم کی قسط وقت پر ادا نہیں کی گئی اسلئے 11اکتوبر کو صبح ساڑھے سات بجے فریادی کواٹھالیاا ور ہنگولی گیٹ کے آفس میں لے جاکر قید میں رکھا۔پولس نے اس معاملے میں بھی فائنانسر ودیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
٭اتوارہ: شہر کے صرافہ تاجر نے بھی فائنانسر سے رقم لی تھی فریادی بالاجی نرہری لاٹھے صرافہ تاجر نے اپنی شکایت میں کہا کہ اُس نے ہجوری خالصہ فائنانس ہنگولی گیٹ سے سود پر رقم حاصل کی تھی لیکن قسط کی ادائیگی وقت پر نہیں ہوسکی اس لئے 8اکتوبر کوصبح ساڑھے گیارہ بجے فائنانس آفس سے کچھ لوگ صرافہ میں دوکان پر آئے او رزبردستی موٹرسائیکل پر سوار کرکے اسرجن علاقہ میں لے جاکرقید میں رکھا اسکے بعد ہنگولی گیٹ کے آفس میں لے گئے جہاں پر گالی گلوچ کرکے مارپیٹ بھی کی ۔اوررقم جمع نہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی ۔اتوارہ پولس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کردیا ہے ۔