MRCC Urdu news 11 April 24

ایم وی اے کا مقصد مودی کی آمریت کی شکست اور عوام کی حکمرانی لانا ہے: ورشاتائی گائیکواڑ

میری ناراضگی کی خبر غلط ہے، ہم ممبئی کی تمام 6 سیٹوں پر کامیابی کا پرچم لہرائیں گے

پارٹی ڈسپلن اور نظریہ ضروری ہے، پارٹی قائدین کی ہدایت کے مطابق کام کروں گی

ممبئی: ممبئی میں کانگریس پارٹی کی مضبوط تنظیم کی وجہ سے کانگریس اتحاد نے اس سے قبل شہر کی تمام 6 حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی، کانگریس کے پاس پانچ اور این سی پی کے پاس ایک سیٹ تھی۔ اِس وقت ایم وی اے کی سیٹ شیئرنگ میں ممبئی کانگریس نے ممبئی میں تین سیٹوں کا مطالبہ کیا تھا لیکن کارکنان اس بات سے ناخوش ہیں کہ انہیں صرف دو سیٹیں ملیں۔ کارکنان کا پرزور مطالبہ تھا کہ ممبئی ساؤتھ سینٹرل سیٹ کانگریس کو دی جائے۔ متوقع نشستیں نہ ملنے سے کارکنان کا مایوس ہونا فطری ہے مگر پارٹی جو فیصلہ کیا ہے اس کا احترام کیا جائے گا۔ ممبئی کانگریس کی صدر پروفیسر ورشا تائی گائیکواڑ نے کہا کہ ایم وی اے کا مقصد مودی کی آمریت کو شکست دینا اور عوام کی حکمرانی لانا ہے۔ ایم وی اے ممبئی کی تمام چھ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔

پارٹی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے میری ناراضگی کی جو خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ پارٹی کے ہر کارکن کو لگتا ہے کہ اس کی پارٹی کو وہ سیٹ ملنی چاہیے جہاں پارٹی کی طاقت ہو اور اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی میں جمہوریت ہے اور ہر کسی کو اپنی رائے ظاہر کرنے کا حق ہے۔ اس لیے کارکنان پارٹی رہنماؤں کے سامنے اپنی رائے رکھ رہے ہیں۔ ممبئی کانگریس کی صدر کی حیثیت سے میرا فرض ہے کہ میں پارٹی قیادت کے سامنے کارکنان کے جذبات کا اظہار کروں۔ میں کانگریس پارٹی کا وفادار کارکن ہوں، کانگریس کا ہر وفادار کارکن پارٹی کے فیصلوں کا احترام کرتا ہے۔ پارٹی ایک بار کوئی فیصلہ لے لے تو اس پر عمل کرنا مجھ جیسے ہر کارکن کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ اس لیے پارٹی نے جو فیصلہ کیا ہے اسے قبول کیا گیا ہے اور آنے والے وقت میں ممبئی کانگریس کا ہر کارکن جوش و خروش کے ساتھ کام کرتا ہوا نظر آئے گا۔

ممبئی کانگریس کی صدر نے کہا کہ اس بار لوک سبھا انتخابات ملک کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہیں۔ ملک کا مستقبل، ہمارے ملک کی جمہوریت، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا دیا ہوا آئین خطرے میں ہے۔ مودی حکومت نے اپنے گزشتہ 10 سال کے دور حکومت میں سماج کے ہر طبقے کے ساتھ نا انصافی کی ہے۔ اس حکومت نے صرف اپنے دوستوں کی جیبیں بھری ہیں اور مذہب، ذات پات، علاقہ اور زبان کے نام پر سماج میں تقسیم پیدا کرنے کا گناہ کیا ہے۔ غریبوں، دلتوں، قبائلیوں، پسماندہ طبقات، خواتین اور نوجوانوں کے لیے کچھ نہیں کیا گیا، اس کے برعکس مودی حکومت کے دور میں دلتوں اور خواتین کے خلاف مظالم اور ناانصافیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں انڈیا الائنس اور ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی کے لیے ماحول سازگار ہے۔ ریاست میں کانگریس پارٹی پر لوگوں کا اعتماد بھی مضبوط ہوا ہے۔ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا اور بھارت جوڑو نیائے یاترا نے ملک اور ریاست کا ماحول بدل کر رکھ دیا ہے۔ ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج پارک میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کا اختتامی اجلاس بہت کامیاب رہا۔ اس کے علاوہ بھارت جوڑو نیائے یاترا کو بھی دھاراوی میں لوگوں کی زبردست حمایت ملی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان ممبئی میں ایم وی اے کی تمام چھ سیٹوں پر جیت کے لیے پرعزم ہیں۔ہمارا مقصد مودی کی آمریت کو ختم کرنا اور عوام اور انصاف کی حکومت قائم کرنا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading