MPCC Urdu News 6 Dec 24

جنگ آزادی میں انگریزوں کا ساتھ دینے والی سمبت پاترا کی پارٹی کے اجداد ہی اصل غدار اور ملک دشمن: نانا پٹولے

اڈانی کی بدعنوانی پر بحث کا مطالبہ کرنے پر ہی بی جے پی کی طرف سے راہل گاندھی کی بدنامی، بی جے پی کچھ بھی کرے لیکن ’اڈانی مودی بھائی بھائی!‘

بغیر دعوت کے پاکستان میں بریانی کھانے والے، آئی ایس آئی کو ہندوستان آنے کی دعوت دینے والے ہی ملک دشمن ہیں

ممبئی: جیسے ہی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اڈانی کی بدعنوانی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، اڈانی کے دلالوں نے راہل گاندھی کو بدنام کرنا شروع کردیا۔ جب بھی اڈانی کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کیا جاتا ہے اڈانی کے دلال بی جے پی لیڈر کانگریس اور راہل گاندھی پر حملہ کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ اب تو بی جے پی کے غیرسنجیدہ ایم پی سمبیت پاترا نے بھی راہل گاندھی کو غدار اور ملک دشمن قرار دینے کا تیر مارا ہے۔ جبکہ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ جنگ آزادی میں انگریزوں کا ساتھ دینے والے ان کی پارٹی کے اجداد ہی درحقیقت ملک کے اصل غدار اور دشمن ہیں۔ بی جے پی اور سمبت پاترا پر یہ سخت حملہ ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سمبیت پاترا کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی ایک عظیم تاریخی میراث ہے۔ کانگریس نے آزادی کی جدوجہد بڑے پیمانے پر حصہ لیا۔ لیکن یہ تاریخ کا حصہ ہے کہ جب کانگریس کی قیادت میں پورا ملک انگریزوں سے لڑ رہا تھا تو سمبت پاترا کی پارٹی کے آباؤ اجداد نے انگریزوں کا ساتھ دیا۔ جدوجہد آزادی میں مہاتما گاندھی کو کئی بار جیل جانا پڑا، پنڈت جواہر لال نہرو نے 11 سال جیل میں کاٹی، اندرا گاندھی و راجیو گاندھی نے ملک کے لیے قربانیاں دیں اور راہل گاندھی نے ملک کے اتحاد اور سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر کی یاترا کرکے ملک کو متحد کرنے کی کوشش کی۔ لیکن بی جے پی کے لوگ مذہبی منافرت پھیلا کر ملک کو توڑنے کا گناہ کر تے رہے۔ دراصل بی جے پی کے تفرقہ انگیز نظریات کے حامل لوگ ہی ملک کے اصل غدار اور دشمن ہیں۔

نانا پٹولے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بن بلائے مہمان کے طور پر پاکستان گئے اور نواز شریف کی بریانی کھائی۔ کیا یہ غداری نہیں کہ مودی سرکار نے پاکستان کی آئی ایس آئی کو بھارت میں آنے کی دعوت دی؟ بی جے پی کی واجپائی حکومت نے قندھار میں ان دہشت گردوں کو حوالے کر دیا جنہوں نے ہندوستان کے خلاف تخریبی سرگرمیاں انجام دی تھیں۔ بی جے پی اور سمبت پاترا کو اس کا جواب دینا چاہیے۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ سمبت پاترا راہل گاندھی کے بارے میں بات کرنے کے اہل نہیں ہیں لیکن ’اڈانی مودی بھائی بھائی‘ کی وجہ سے وہ اپنے مالک کی عزت کی خاطر بات کی راہل گاندھی پر تنقید کر رہے ہیں، لیکن غالباً انہیں بی جے پی کی صحیح تاریخ معلوم نہیں ہے۔ پٹولے نے یہ بھی انتباہ دیا کہ اگر کسی نے ہمارے لیڈروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی تو اس منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading