MPCC Urdu News 3 Oct 25

میٹھی ندی کی صفائی کی ٹینڈرنگ میں مرکزی احتساب کمیشن کے رہنما اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی گئی: سچن ساونت

بی جے پی کے قریبی صنعت کار کو ٹھیکہ دلانے کے لیے یہ کھیل رچایا گیا

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان سچن ساونت نے کہا ہے کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے میٹھی ندی کی صفائی کے لیے جاری کی گئی ٹینڈرنگ کے معاملے میں مرکزی احتساب کمیشن (Central Vigilance Commission) کے رہنما اصولوں کی صریح خلاف ورزی کی گئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ بی ایم سی کی جانب سے میڈیا کو دی گئی وضاحت خود اس بات کا اعتراف ہے کہ ٹینڈرنگ کے عمل میں سنگین بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔

ساونت نے میڈیا کو تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ابتدائی ٹینڈر میں پمپ بنانے والی کمپنی کی ٹرن اوور کی شرط 50 کروڑ روپے رکھی گئی تھی۔ لیکن بولی کی پری میٹنگ کے بعد یکطرفہ طور پر شرط میں تبدیلی کر کے یہ ٹرن اوور 210 کروڑ روپے کر دیا گیا۔ حالانکہ پمپ بنانے والی کمپنی کا تعلق محض سپلائی تک محدود ہے اور اس تبدیلی کا مقصد صرف اور صرف مسابقت کو محدود کرنا تھا۔ مرکزی احتساب کمیشن کے واضح رہنما اصول ہیں کہ ایک بار ٹینڈر جاری ہونے کے بعد اہلیت کی شرائط سخت نہیں کی جا سکتیں تاکہ مسابقت متاثر نہ ہو۔ اس خلاف ورزی کی بنیاد پر ساونت نے میونسپل کمشنر کو ثبوتوں کے ساتھ خط لکھ کر اعتراض درج کرایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میونسپل حکام نے میڈیا کو نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ چونکہ پمپ سپلائی کا حصہ تقریباً 700 کروڑ روپے کا ہے، اس لیے معیار برقرار رکھنے کے لیے پمپ کمپنی کی کم از کم ٹرن اوور قیمت کے 30 فیصد یعنی 210 کروڑ روپے ہونی چاہیے۔ لیکن اس وضاحت کو ساونت نے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دراصل یہ بہانہ ایک مخصوص بی جے پی حامی صنعت کار کو ٹھیکہ دلانے کے لیے گھڑا گیا ہے۔ ساونت نے کہا کہ یہ ٹینڈر تیسری بار جاری کیا گیا ہے۔ سب سے پہلے مارچ 2023 میں، پھر 14 فروری 2025 کو اور اب ستمبر 2025 میں دوبارہ جاری ہوا۔ تینوں مواقع پر پمپ بنانے والی کمپنی کی ٹرن اوور شرط 50 کروڑ روپے ہی رکھی گئی تھی۔ اگر اب 210 کروڑ روپے لازمی ہیں تو کیا گزشتہ تین برسوں تک بی ایم سی کا ارادہ ٹھیک نہیں تھا؟ کیا اس دوران انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ اور کنسلٹنٹ سوئے ہوئے تھے؟ جب اس سے پہلے بھی پروجیکٹ کی لاگت زیادہ تھی تو 30 فیصد ٹرن اوور کا فارمولہ کیوں یاد نہیں آیا؟

سچن ساونت نے مزید کہا کہ اس سے پہلے صرف چار پمپ بنانے والی کمپنیاں اہل قرار پاتی تھیں، اب اس تبدیلی کے بعد کتنی اور کون سی کمپنیاں اہل ہوں گی، یہ بی ایم سی کو عوام کے سامنے واضح کرنا چاہیے۔ انہوں نے کھلے الفاظ میں کہا کہ یہ شرط بی جے پی کے ایک قریبی صنعت کار کو فائدہ پہنچانے کے لیے رکھی گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ٹینڈر کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور بی ایم سی کے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت انکوائری کی جائے تاکہ عوامی مفادات کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔

بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر کانگریس کی ناگپور میں دو روزہ ورکشاپ

کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کے ورکشاپ کا افتتاح کریں گے، وجیے وڈیٹی وار اور ڈاکٹر نتن راؤت بھی ہوں گے شر یک

ممبئی: آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے میونسپل کارپوریشن علاقوں کے عہدیداران کے لیے دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ یہ ورکشاپ ناگپور میں ہوگا جس کا افتتاح کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کریں گے۔ افتتاحی اجلاس 4 اکتوبر کی صبح 10 بجے منعقد ہوگا، جس میں ہرش وردھن سپکال ’آئین میں متعین غیر مرکوز جمہوریت اور میونسپل کارپوریشنز کی سیاست‘ کے موضوع پر رہنمائی فراہم کریں گے۔

ورکشاپ کے پہلے دن ’شہری مسائل، سرگرمیاں اور سیاست‘ کے موضوع پر وِویک ویلَنکر خطاب کریں گے جبکہ سیشن کی نظامت سنگرام کھوپڑے کریں گے۔ اسی طرح ’آج کی بدلتی شہری سیاست اور ہم‘ کے عنوان پر آشتوش شرکے، راجو بھیسے اور سنگرام کھوپڑے مشترکہ طور پر بات رکھیں گے۔ ’شہروں کے مستقبل کے پروگرام‘ جیسے موضوعات پر بھی تفصیلی بحث ہوگی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری پرفل گوڈے پاٹل اور ناگپور شہر کانگریس کے صدر و رکن اسمبلی وکاس ٹھاکرے مہمانوں کا استقبال کریں گے جبکہ تعارفی کلمات پردیش کانگریس کے سینئر نائب صدر موہن جوشی پیش کریں گے۔

ورکشاپ کے دوسرے دن اسمبلی میں کانگریس پارٹی کے لیڈر وِجے وڈیٹی وار اور سابق وزیر ڈاکٹر نتن راؤت رہنمائی کریں گے۔ اس موقع پر ’شہر کا ثقافتی سیاست‘، ’شہری بیانیہ‘ اور ’عوامی مکالمے کے ذریعے عوامی تحریک‘ جیسے موضوعات پر بھی گفتگو ہوگی۔ اس ورکشاپ کے ذریعے کانگریس پارٹی مقامی سطح پر اپنے عہدیداران کو آئندہ انتخابات کے لیے تیار کرنے اور عوامی رابطے کو مزید مستحکم بنانے کی کوشش کرے گی، یہ اطلاع مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے فراہم کی گئی ہے۔

MPCC Urdu News 3 October 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading