ایس ٹی کے کرایوں میں اضافے کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے؛ عوام کو لوٹنے کے بجائے ایس ٹی مہامندل میں بدعنوانی ختم کریں: نانا پٹولے

ایس ٹی کرایوں میں اضافے کی ذمہ داری وزراء جھٹلا نہیں سکتے۔

جی بی ایس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ؛ صحت عامہ کا محکمہ کہاں ہے؟ جی بی ایس پر فوری اقدامات کیے جائیں۔

ممبئی، 28 جنوری 2025
اسمبلی انتخابات میں عوام پر رعایتوں کی بارش کرنے والی بی جے پی اتحاد حکومت نے اقتدار میں آتے ہی عوام کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل ناکامی کے بعد اب بی جے پی حکومت نے ریاست کے عوام کی زندگی کا سہارا بننے والی ایس ٹی بس سروس کے کرایوں میں 15 فیصد اضافہ کر کے انہیں لوٹنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ یہ اضافہ فوراً منسوخ کیا جائے۔

اس سلسلے میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ایس ٹی بس سروس ریاست کے کونے کونے میں چل رہی ہے، لیکن مہامندل اس سروس کو بہتر طور پر فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ ایس ٹی مہامندل کی ناقص کارکردگی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ دیہی علاقوں میں ایس ٹی بسوں کی حالت نہایت خراب ہے اور ‘شیو شاہی’ کے نام سے چلائی جانے والی بسوں کی حالت بھی دگرگوں ہو چکی ہے۔ عوام کو معیاری سروس فراہم کرنے کے بجائے، مہنگائی کا بہانہ بنا کر کرایوں میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

نانا پٹولے نے کہا کہ جب وزیرِ ٹرانسپورٹ خود کہہ رہے ہیں کہ انہیں کرایوں میں اضافے کا علم نہیں تھا تو پھر انہیں اپنے عہدے پر کیوں برقرار رکھا جائے؟ یہ حیرت انگیز بات ہے کہ وزراء کو اپنے محکمے میں ہونے والے فیصلوں کی خبر تک نہیں۔ جن افسران نے وزراء کو اعتماد میں لیے بغیر کرایوں میں اضافے کا فیصلہ کیا، انہیں فوراً معطل کیا جائے۔ ایس ٹی مہامندل کے 1360 ہیکٹر خالی زمین کو بلڈرز کے حوالے کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھنے والے وزیر صاحب عوامی لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ نانا پٹولے نے مزید کہا کہ اگر ایس ٹی مہامندل کی بدعنوانی ختم کر دی جائے تو کرایوں میں اضافے کی ضرورت ہی پیش نہیں آئے گی۔

گیلین بیری سنڈروم (GBS) پر توجہ دیں
ریاست میں گیلین بیری سنڈروم (GBS) کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس بیماری کی وجہ سے سولاپور میں ایک مریض کی موت ہو چکی ہے اور 100 سے زائد افراد متاثر ہیں، جن میں سے 13 مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔ نانا پٹولے نے کہا کہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صحت عامہ کے محکمے کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں اور عوامی شعور کو اجاگر کرنا چاہیے۔ ریاستی حکومت کو جنگی بنیادوں پر اس بیماری کے خاتمے کے لیے اپنی مشینری کو متحرک کرنا چاہیے۔

یہ بیماری آلودہ پانی اور گندگی کی وجہ سے ہوتی ہے۔ 11 سال سے ‘ہر گھر نل، ہر نل میں جل’ اور ‘صفائی مہم’ جیسی اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں، لیکن اگر عوام کو صاف پانی نہیں مل رہا تو یہ اسکیمیں صرف اشتہارات تک محدود نظر آتی ہیں۔ نانا پٹولے نے کہا کہ حکومت کو ان مسائل کے حل پر سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے۔

MPCC Urdu News 28 January 25.docx

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading