ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ناکام امیدواروں کے ساتھ ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ کی خصوصی میٹنگ
ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کانگریس کارکنوں نے غیر معمولی ذہنی و سیاسی دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے بھرپور جدوجہد کی۔ ممبئی کے عوام نے کانگریس کے 24 کونسلروں کو میونسپل کارپوریشن میں منتخب کرکے بھیجا ہے۔ یہ تمام منتخب کونسلر عوامی مسائل کو ایوان میں پوری قوت کے ساتھ اٹھائیں گے، جو امیدوار کامیاب نہیں ہو سکے انہیں ہرگز مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ اپنے اپنے وارڈ میں عوامی مسائل، بنیادی سہولتوں اور شہری مشکلات پر مسلسل آواز بلند رکھیں، کانگریس پارٹی مکمل طور پر آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ بات ممبئی کانگریس کی ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے کہی ہے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں شکست کھانے والے کانگریس امیدواروں کی ایک خصوصی میٹنگ ورشا گائیکواڑ کی صدارت میں ممبئی کانگریس کے دفتر راجیو گاندھی بھون میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات بنیادی طور پر کارکنوں کے انتخابات ہوتے ہیں اور کارکنوں کے مشورے کے مطابق ہی کانگریس پارٹی نے ونچت بہوجن اگھاڑی اور دیگر اتحادی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرکے انتخاب لڑا۔ ایک طرف بے تحاشا دولت کا استعمال، پولیس، انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کی پشت پناہی تھی، جبکہ دوسری طرف آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے لڑنے والے کانگریس کے کارکن تھے۔ اس انتخاب میں اقتدار کا کھلے عام غلط استعمال کیا گیا، امیدواروں پر دباؤ ڈال کر نام واپس لینے پر مجبور کیا گیا، حتیٰ کہ آئینی عہدوں پر فائز افراد نے بھی دباؤ کی سیاست کی۔
ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اگرچہ متوقع کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، لیکن اس کے باوجود ممبئی کے عوامی مسائل جیسے صحت، پینے کے صاف پانی کی قلت، آلودگی، تعلیم، عوامی ٹرانسپورٹ، بیسٹ بس خدمات، ٹریفک اور سڑکوں کے گڑھوں جیسے بنیادی مسائل پر کانگریس پوری طاقت کے ساتھ آواز اٹھاتی رہے گی۔ میٹنگ کے دوران کئی کارکنوں نے یہ شکایت بھی رکھی کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں الیکشن کمیشن کا کردار مشتبہ رہا۔ شکایات کے باوجود ووٹر لسٹ میں موجود سنگین خامیوں کو درست نہیں کیا گیا اور ووٹر لسٹ انتہائی تاخیر سے فراہم کی گئی۔ انتخابات سے صرف آٹھ دن قبل ووٹر لسٹ جاری ہونے کے سبب کارکنوں کو تیاری اور عوامی رابطے کا مناسب موقع نہیں مل سکا، جس کا براہ راست اثر انتخابی نتائج پر پڑا۔اس میٹنگ میں ایم ایل اے امین پٹیل، ممبئی کانگریس کے ترجمان سریش چندر راج ہنس، ضلع صدر روی باوکر، سبھاش بھالے راؤ، جاوید جنیجا سمیت پارٹی کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔
MRCC Urdu News 27 January 26.docx
