کانگریس کے ریاستی صدر کے خلاف اشتعال انگیزی کا معاملہ
عدالت کا سابق وزیرانل بونڈے کی تحقیقات کا حکم
ممبئی:کانگریس کے ریاستی صدرناناپٹولے کے خلاف اشتعال انگیز زبان کا استعمال کرنے پر درج مقدمے پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے بی جے پی ایم ایل اے وسابق وزیر انل بونڈے، ناگپور مشرق سے بی جے پی ایم ایل اے کرشنا کھوپڑے، بی جے پی یووا مورچہ جالنہ کے ضلع صدر سجیت جوگس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے آزاد میدان پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کریں۔
واضح ہو کہ 18 جنوری کو امراؤتی میں ایک احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے سابق وزیر انل بونڈے نے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کے خلاف اشتعال انگیز زبان استعمال کی تھی۔ انیل بونڈے اور ان کے ساتھیوں کے خلاف دھمکی، اشتعال انگیزی، شازش، انتشار اوردوطبقوں میں ٹکراؤ پیدا کرنا، بدنام کرنا، توہین کرنا، سماجی امن وامان کونقصان پہنچانا اور کورونا کے روک تھام کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پرمہاراشٹر پردیش کانگریس کے قانونی شعبے کے صدر ایڈووکیٹ روی پرکاش جادھو نے مجگاؤں عدالت میں مقدمہ داخل کیا تھا۔ اس پر سماعت کرتے ہوئے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے آزادمیدان پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر کو تعزیرات ہند کی دفعہ153، 1653A، 153 بی 188، 220 بی، 269، 274، 505، 341، 500، 504، 505 (II)، 506، 34کے تحت سابق وزیر انل بونڈے، ناگپور مشرق کے بی جے پی ایم ایل اے کرشنا کھوپڑے وبی جے پی یووا مورچہ جالنہ کے ضلع صدر سجیت جوگس کی تحقیق کرکے 23مارچ تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔