بالاصاحب تھورات نے بیڑ کے ماساجوگ میں مقتول سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ سے ملاقات کی

سنتوش دیشمکھ کے قاتلوں اور سازش کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے

بیڑ/ممبئی:

بیڑ ضلع کے ماساجوگ گاؤں کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کا بے رحمانہ قتل پورے مہاراشٹر کو جھنجوڑ دینے والا اور انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ ہے۔ اس قتل کیس کے ملزمان اور سازش کرنے والوں کو سخت سزا دینے کے لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہیے۔ یہ مطالبہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر بالاصاحب تھورات نے کیا ہے۔

کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور مہاراشٹر کے سابق وزیر بالاصاحب تھورات نے آج ماساجوگ پہنچ کر مقتول سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزیر اور رکن اسمبلی امیت دیشمکھ بھی ان کے ساتھ تھے۔ بالاصاحب تھورات نے کہا کہ سرپنچ سنتوش دیشمکھ کا قتل انتہائی افسوسناک اور پورے مہاراشٹر کے لیے ایک صدمہ ہے۔ اس قتل کے ذمہ داروں اور سازش کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔

تھورات نے کہا کہ بیڑ ضلع اور ریاست میں خوف و دہشت پھیلانے والے افراد اور اس واقعے کے اصل ماسٹر مائنڈ کو بے نقاب کرنے کے لیے گہری تحقیقات ہونی چاہیے۔ اس معاملے کی عدالتی تحقیقات کی جانی چاہیے اور فاسٹ ٹریک عدالت میں مقدمہ چلایا جائے تاکہ مجرموں کو سخت سزا ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون شکنوں پر قانون کا خوف ہونا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے موجودہ صورتحال میں انتظامیہ کا کوئی ڈر نظر نہیں آتا۔ بیڈ ضلع میں ایسے کئی واقعات ہو رہے ہیں، لیکن پولیس یہاں تک کہ ایف آئی آر درج کرنے سے بھی گریز کر رہی ہے۔ کانگریس پارٹی مقتول سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس موقع پر سابق وزیر امیت دیشمکھ نے کہا کہ بیڈ اور پربھنی کے حالیہ واقعات مہاراشٹر کی ترقی پسند تاریخ پر بدنما داغ ہیں۔ ان دونوں واقعات میں ملوث مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کر کے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جانا چاہیے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading