شندے-بی جے پی حکومت خشک سالی کے تئیں سنجیدہ نہیں، ضابطہ اخلاق کا بہانہ نہ بنائیں، فوری اقدامات کریں

ڈومبیولی فیکٹری میں دھماکے کی بدعنوان مہایوتی حکومت ذمہ دار، مقامی لوگوں کی شکایات کے باوجود پیسے لے کر کارخانے جاری

ممبئی: ریاست میں خشک سالی کی صورتحال بہت سنگین ہے، کچھ گاؤں میں مہینوں پانی نہیں مل رہا ہے۔ جانوروں کے لیے چارہ نہیں، پینے کا پانی نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں خشک سالی کا جائزہ اجلاس منعقد کیا لیکن 5 سرپرست وزیر اس میٹنگ سے غیر حاضر رہے۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت خشک سالی کو لے کر کتنی سنجیدہ ہے۔ وزیر اعلیٰ کو موقع پر ہی حکم دینا چاہیے تھا لیکن صرف اجلاس کا کام مکمل کیا۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کا بہانہ کرنے کے بجائے فوری طور حکم جاری کرے اور جانوروں کو چارہ، پینے کا پانی اور لوگوں کو کام فراہم کرے۔

ناگپور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے مزید کہا کہ ریاست میں حکومت غیر آئینی ہے، اس حکومت کا عام لوگوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ غریب لوگ جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں لیکن حکومت اس طرف توجہ نہیں دے رہی۔ لوگ خشک سالی سے پریشان ہیں لیکن حکومت کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔ پونے میں ایک امیر کے بیٹے نے دو غریب آدمیوں کو کچل دیا اور ’مضمون‘ لکھنے کی ’سزا‘کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا۔

ڈومبیولی میں ایک کیمیکل فیکٹری میں دھماکے میں 11 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے۔ ڈومبولی میں پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے ان فیکٹریوں کو بند کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن اس کے بعد آنے والی بدعنوان مخلوط حکومت نے پیسے لے کر کارخانوں کو چلایا۔ نانا پٹولے نے کہا کہ لوگوں کی جان کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن اگر ریاستی حکومت کو غریبوں کی جان پرواہ نہیں ہے تو شندے-بی جے پی حکومت مستعفی ہو جائے۔

صحافیوں کی جانب سے نئے نصاب کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ اگر منو سمرتی کو نصاب میں شامل کیا جاتا ہے تو یہ بالکل نہیں چلے گا، کانگریس اسے کبھی برداشت نہیں کرے گی۔ نانا پٹولے نے کہا کہ ہم سب کچھ چیک کرنے کے بعد اس سلسلے میں مزید اقدامات کریں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading