سونیاگاندھی کوانکوائری کے نام پر مودی حکومت ہراساں کررہی ہے:ناناپٹولے ممبئی سمیت ریاست بھر میں کانگریس کی جانب سے پرامن ستیہ گرہ

ممبئی:مرکز کی نریندر مودی حکومت اپوزیشن کو ختم کرنے کے لیے تمام سرکاری مشینریوں کا بے دریغ غلط استعمال کر رہی ہے۔ مودی حکومت کی اس جبر کو کانگریس پارٹی ذرابھی لائق اعتنا نہیں سمجھتی ہے۔ سونیا جی گاندھی بیمار ہیں اور 70 سال کی عمر میں تفتیش کے نام پر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔مودی حکومت کی اس آمریت کے خلاف کانگریس پارٹی 26جولائی کو ایک بار پھر پرامن ستیہ گرہ کے ذریعے اس کارروائی کی مذمت کرے گی۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرناناپٹولے نے دی ہے۔

اس ضمن میں بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ منگل کو نریندر مودی حکومت کی انتقامی سیاست کے خلاف صبح10 بجے منترالیہ کے قریب بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے ستیہ گرہ منعقد کیا جائے گا اور یہ ستیہ گرہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ محترمہ سونیا گاندھی کو ای ڈی کے دفتر سے رہا نہیں کیا جاتا۔ 21 تاریخ کو محترمہ سونیا گاندھی کو ای ڈی نے تفتیش کے لیے بلایا تھا، اب انہیں دوبارہ بلایا گیا ہے۔ممبرپارلیمنٹ راہل گاندھی صاحب سے بھی ای ڈی نے پانچ دنوں تک روزانہ 10 گھنٹے تک تفتیش کی۔ اس تفتیش سے کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی کچھ حاصل ہو گا۔ ای ڈی کے اہلکار مرکز میں اپنے ’باس‘کے اشارے پر ناچ رہے ہیں۔ انکوائری کے نام پر اپوزیشن کو ہراساں کرنے کی بی جے پی کی سیاست زیادہ دنوں تک نہیں چلے گی۔

ناناپٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی لیکن مرکز میں برسراقتدار آنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت جمہوریت اور آئین کوبالائے طاق رکھ کر اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے اپوزیشن کو پریشان کر رہی ہے۔ کانگریس پارٹی ایسے کسی بھی جبر سے ذرا بھی خوفزدہ نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی محترم سونیا گاندھی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہیں۔اس جابر حکومت کو عوام سبق سکھائے بغیر ہرگزنہیں رہے گی۔

اس پرامن ستیہ گرہ میں کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، ممبئی کانگریس کے صدر ایم ایل اے بھائی جگتاپ، سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان، مہاراشٹر لیجسلیچر کانگریس پارٹی لیڈر اور سابق وزیرمحصول بالاصاحب تھورات، سابق وزیر ورشا گائیکواڑ، اسلم شیخ، ممبئی یوتھ کانگریس کے صدر ذیشان صدیقی کے ساتھ بڑی تعداد میں سابق ایم ایل ایز، ایم پیز، کارپوریٹرس، عہدیداران اور کارکنان شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ ریاست بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹر پر ضلع کانگریس کے لیڈران، عہدیداران، موجودہ وسابق ایم ایل ایز وممبرپارلیمنٹ سمیت تمام شعبوں، سیل کے عہدیداران ستیہ گرہ میں حصہ لیں گے اور مرکزی حکومت کے ظلم کی مذمت کریں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading