جمہوریت کے تحفظ کے لیے آج ووٹرس ڈے پر کانگریس کا ریاست گیراحتجاج: نانا پٹولے
ریاستی صدر نانا پٹولے ناگپور میں، پرتھوی راج چوہان ممبئی میں، بالا صاحب تھورات ناسک میں اور وجے وڈیٹی وار ایوت محل میں احتجاج
ممبئی: بی جے پی اور الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخابات میں ووٹوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کا یہ افسوسناک اتحاد جمہوریت کی پیشانی پر ایک بدنما داغ ہے۔ جمہوریت کے تحفظ اور ووٹروں کے حقوق کے لیے کانگریس پارٹی کل (آج) 25 جنوری کو قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر ریاست بھر میں ضلع اور تعلقہ سطح پر شدید احتجاج کرے گی۔ یہ اطلاع مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے دی ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے الیکشن کمیشن کی مدد سے دھاندلی کی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے چھ ماہ بعد ہونے والی اسمبلی انتخابات میں 50 لاکھ ووٹرز کیسے بڑھ گئے؟ انتخابی دن شام 5 بجے کے بعد رات کے اندھیرے میں 76 لاکھ ووٹ کیسے بڑھ گئے؟ الیکشن کمیشن اس کا کوئی ثبوت نہیں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جو حکومت آئی ہے، اس کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور عوام میں یہ احساس پیدا ہو رہا ہے کہ ووٹنگ صرف بیلیٹ پیپر سے ہی کرائی جائے۔
ریاستی کانگریس کے صدر نے کہا کہ جمہوریت کو برقرار رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن کے بدعنوان انتظامات کو روکا جانا چاہیے، انتخابات کو بے خوف، شفاف اور غیر جانبدار ماحول میں کروانا ضروری ہے۔ اسی مقصد کے لیے کانگریس قومی ووٹرز ڈے کے دن سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرے گی۔ کل کے احتجاج میں کانگریس کے رہنما، ایم ایل اے، ایم پی، سابق ایم ایل اے اور ایم پی، ضلعی عہدیدار، شعبوں اور سیلز کے تمام عہدیدار و کارکنان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔