مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی بی جے پی کی گھٹیا سازش بے نقاب
ممبئی پولیس کی توہین کرنے والے گپتیشور پانڈے کو بی جے پی کا تحفہ؟
مرکزی ایجنسیوں کی تفتیش پر آج سے کانگریس کی جانب سے سوالات کا سلسلہ
ممبئی: فلم اداکار سوشانت سنگھ راجپوت معاملے کے پس پردہ مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی بی جے پی کی گھٹیا سازش بے نقاب ہوگئی ہے۔ اس سازش کا ایک مہرہ رہے بہار پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گپتیشور پانڈے نے وی آر ایس کے لیے درخواست دی جو فوری طور پر منظور بھی کرلی گئی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ان پانڈے صاحب کو جلد ہی بی جے پی کی جانب سے بڑا تحفہ دیا جاسکتا ہے۔ سوشانت سنگھ کے بعد اب بالی ووڈ کوٹارگیٹ کرنے کی سازش رچی گئی ہے۔ یہ سخت تنقید آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کی ہے۔
مرکزی ایجنسیوں کی تفتیش پر شک وشبہے کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس نے سوالات کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ مودی کے انتہائی قریبی شخص راکیش استھانا کی سربراہی والے این سی بی سے سچن ساونت نے آج تین سوالات کیے ہیں۔انہوں نے پہلا سوال یہ کیا ہے کہ ممبئی میں این سی بی کا کئی برسوں سے دفتر موجودہے اور بالی ووڈ بھی ممبئی میں ہی ہے۔ اس کے باوجود ابھی تک اس نے بالی ووڈڈرگ کنکشن معاملے تفتیش کیوں نہیں کی؟ اس معاملے میں ہمارا قطعی ایسا ماننا نہیں ہے کہ این سی بی اس طرح کی تفتیش نہ کرے۔ دوسرا سوال یہ کہ سوشانت معاملے میں ڈرگس اینگل کی تفتیش کے لیے ای ڈی نے این سی بی سے کہا تھا۔این سی بی نے 15/2020کے اپنے پہلے ایف آئی آر کے مطابق اس سلسلے میں اب تک ایک بھی گرفتاری نہیں کی ہے۔ جوگرفتار ہوئے نہیں انہیں 16/2020کے دوسرے ایف آئی آر کے مطابق کیا گیا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا این سی بی نے سوشانت سنگھ معاملے کی تفتیش بند کردیا ہے؟ اس کا اسے جواب دینا چاہیے۔ تیسرا سوال یہ ہے کہ بالی ووڈ کو ڈرگس سے جوڑنے کے معاملے میں کوئی بھی مضبوط ثبوت این سی بی کے پاس نہیں ہے، جس کا اعتراف حکومت نے پارلیمنٹ میں کیا ہے۔ اس بارے میں این سی بی کا کیا موقف ہے؟
بہارپولیس کے ڈائریکٹر جنرل گپتیشور پانڈے نے سوشانت سنگھ معاملے میں ممبئی پولیس کی بھرپوربدنامی کی۔ اب انہوں نے وی آر ای کے لیے درخواست دی جوفوراً منظور بھی کرلیاگیا۔ جبکہ اصول کے مطابق اس کے لیے تین ماہ کی نوٹس دی جاتی ہے لیکن پانڈے کے درخواست دیتے ہی حکومت نے ان پر اپنی خاص محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی درخواست کو منظور کرلیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پانڈے کو بی جے پی کی جانب سے کوئی اوربڑا تحفہ دیے جانے کا امکان ہے۔ سچن ساونت نے کہا کہ بی جے پی کو سوشانت سنگھ سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔صرف اس لیے کہ سوشانت سنگھ کی موت کا استعمال بہار الیکشن اور مہاراشٹر کوبدنام کرنے کے لیے کیا جاسکتا ہے، اس نے اس موقع کا بھرپور استعمال کیا۔ ملکی سطح پر مودی حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے اورلوگوں کی توجہ ملک ان کے بنیادی مسائل سے ہٹانے کے لیے بی جے پی نے اس معاملے کا استعمال کیا۔ اب بالی ووڈ کو ٹارگیٹ کیے جانے کی شروعات کی گئی ہے۔ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دو دن قبل ہی اترپردیش میں بڑی فلم انڈسٹری بنانے کا اعلان کیا ہے جو محض اتفاق ہرگز نہیں ہوسکتا۔
