مراٹھا برادری کو بی جے پی حکومت نے ایک بار پھر پھنسادیا، ریزرویشن پر فیصلہ جلد بازی میں لیا: نانا پٹولے
کیا مراٹھا برادری کو دیا گیا 10 فیصد ریزرویشن عدالت میں قائم رہ سکے گا؟
وزیر اعلیٰ عوام کو بتائیں کہ انتروالی سراٹی میں جرانگے پاٹل سے انہوں نے کیا وعدہ کیا تھا
کامیابی کا جشن منانے کے باوجود منوج جرانگے پاٹل کو بھوک ہڑتال کرنے کی نوبت کیوں آئی؟
ممبئی:تمام سیاسی جماعتوں کا یہی موقف ہے کہ مراٹھا برادری کو ریزرویشن ملنا چاہیے لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ ریزرویشن عدالت میں قائم بھی رہنا چاہئے ۔ حکومت نے ریزرویشن کے لیے خصوصی اجلاس بلایا لیکن اس پر بحث تک نہیں کی۔ صرف ایک صفحے کا بل پیش کیا اور مراٹھا برادری کو تعلیم اور ملازمت میں 10 فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا۔ آج کا فیصلہ عجلت میں لیا گیا ہے۔ کیا یہ ریزرویشن عدالت میں قائم ہو سکے گا؟ یہ اہم سوال مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔
ریزرویشن کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ منوج جرانگے پاٹل نے مراٹھا برادری کے لیے تحریک شروع کی ہے، آج بھی وہ بھوک ہڑتال پر ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے حال ہی میں نوی ممبئی میں اعلان کیا تھا کہ جرانگے پاٹل کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔ گلال اڑا کر جشن بھی منایا گیا لیکن سوال یہ ہے کہ پھر جرانگے پاٹل کو بھوک ہڑتال کیوں کرنا پڑا؟وزیر اعلیٰ کو عوام کو یہ بتانا چاہئے کہ انہوں نے جرانگے پاٹل سے کیا وعدہ کیا تھا۔ پسماندہ طبقات کمیشن کی رپورٹ کے مطابق حکومت کا دعویٰ ہے کہ مراٹھا برادری کی پسماندگی ثابت ہو گئی ہے،لیکن اس سروے پر کئی طرح کے شکوک و شبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ محض6 دنوں میں ممبئی شہر میں 26 لاکھ لوگوں کا سروے ہوگیا۔
پٹولے نے کہا کہ کانگریس کی قیادت والی مخلوط حکومت نے 2014 میں مراٹھا برادری کو 16 فیصد ریزرویشن دیا تھا۔ لیکن دیویندر فڈنویس حکومت اسے عدالت میں برقرار نہیں رکھ سکی۔ فڈنویس حکومت نے 2018 میں ایک اجلاس بلایا اور متفقہ طور پر مراٹھا برادری کو 12 فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا، لیکن یہ ریزرویشن سپریم کورٹ میں نہیں ٹک سکا۔ اب ایک بار پھر مراٹھا برادری کو 10 فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔ کیا بی جے پی حکومت کا آج لیا گیا فیصلہ عدالت میں قائم رہ سکے گا؟ یہ مراٹھا برادری کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کے ذہنوں کا سب سے اہم سوال ہے۔