MPCC Urdu News 19 March 24

راج ٹھاکرے سے اتحاد کرکے بی جے پی کس منھ سے شمالی ہند کے لوگوں کے ووٹ مانگے گی؟ : اتل لونڈھے

راج ٹھاکرے سے بی جے پی کا اتحاد شمالی ہند لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے

ممبئی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے راج ٹھاکرے کی مہاراشٹر نو نرمان سینا کو اپنے الائنس میں لا کر نہ صرف شمالی ہند کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے بلکہ ان کے زخموں پر نمک چھڑکایا ہے اور ان کی عزت نفس کو ٹھیس بھی پہنچائی ہے۔ شمالی ہند کے لوگوں کو لاٹھیوں سے پیٹنے والے راج ٹھاکرے کو ساتھ لے کر بی جے پی کس منھ سے شمالی ہند کےلوگوں سے ووٹ مانگے گی؟ یہ سوال مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے چیف ترجمان اتل لونڈھے نے کیا ہے۔ وہ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔

اتل لونڈھے نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ’چھٹھ پوجا‘ کی مخالفت کرنے والی، شمالی ہند کے لوگوں کو مارنے والی اور شمالی ہند کے لوگوں سے ہمیشہ نفرت کرنے والے راج ٹھاکرے کی ایم این ایس کو انتخابات کے پیشِ نظر این ڈی اے میں شامل کر رہی ہے۔ یہ تمام ہندی بولنے والوں کی توہین کے ساتھ غداری ہے۔ ‘اب کی بار 400 پار’ کی مہم چلانے والی بی جے پی کو ’ایرا غیرا نتھو خیرا‘ والی پارٹی کی حمایت لینے کی ضرورت کیوں محسوس ہوتی ہے جس کے پاس صرف ایک ایم ایل اے ہے؟ بی جے پی کو ان شمالی ہند لوگوں کے آبائی ریاستوں میں ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں ہے جنہیں ایم این ایس نے ممبئی سے زبردستی نکال دیا تھا۔ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی کو اب راج ٹھاکرے کی ایم این ایس جیسی پارٹی کے ساتھ بھی اتحاد کرنے کی نوبت آگئی ہے۔ اس کا صاف مطلب صاف ہے کہ بی جے پی نے مہاراشٹر میں لڑائی سے پہلے ہی شکست قبول کر لی ہے۔

اتل لونڈھے نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’بانڈ جنتا پارٹی‘ نے پہلے ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو گرانے کی سازش کی، پھر ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا پارٹی اور اس کا انتخابی نشان چرایا۔ شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو بھی توڑ دیا گیا۔ اس سب کے باوجود بی جے پی نے دیکھا کہ مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا اس کے لیے مشکل ہے۔ اس لیے اس نے ٹھاکرے کے خلاف ایک اور ٹھاکرے کو میدان میں اتارنے کا پروگرام بنایا ہے، یہ بی جے پی کے لیے بڑی شرم کی بات ہے۔ اتل لونڈھے نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی لوک سبھا جیتنے کے لیے کچھ بھی کرے گی لیکن اس کی ہار یقینی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading