MPCC Urdu News 18 Oct 23

ڈرگ مافیا للت پاٹل تو صرف ایک مُہرا ہے، اصل ماسٹر مائنڈ کون ہے؟: نانا پٹولے

ای ڈی اے حکومت مہاراشٹر کے نوجوانوں کو نشہ کی لت میں جھونک کر انہیں برباد کر رہی ہے

ممبئی:مہاراشٹر ایک مہذب اور ترقی یافتہ ریاست ہے لیکن ریاست کی بی جے پی حکومت مہاراشٹر کے نیک نامی کو مٹی میں ملارہی ہے۔ ریاست میں گزشتہ چند دنوں میں منشیات کی ایک بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے۔ نشے کا اتنا بڑا کاروبار بغیر سیاسی آشیروادکے نہیں چل سکتا۔اس ضمن میں گرفتار للت پاٹل منشیات کے کالے دھندے کا تومحض ایک مہرہ ہے، اصل ماسٹر مائنڈ کون ہے؟ اس کا پتہ لگایا جانا نہایت ضروری ہے۔ یہ بات مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہے۔

کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے ڈرگ مافیا للت پاٹل کو گرفتار کرنے پر ممبئی پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ناسک میں منشیات کا ایک بڑا ذخیرہ پکڑا گیا تھا۔شولاپور کے ایم آئی ڈی سی میں بھی منشیات کا بڑا ذخیرہ ملاہے۔ مہاراشٹر میں منشیات کا اس طرح ذخیرہ ملنا مہاراشٹر کے لیے شرمناک ہے۔پٹولے نے کہا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ منشیات کے معاملے میں گرفتار للت پاٹل پونے کے سسون اسپتال میں تمام سہولیات سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ للت پاٹل کوبھگایا گیا ہے اور آج ہماری بات سچ ثابت ہوگئی ہے۔ للت پاٹل خود کہہ رہا ہے کہ وہ اسپتال سے بھاگا نہیں تھا، بلکہ بھگایا گیا تھا۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ان تمام معاملات پر روک لگانا بہت ضروری ہے۔سوال یہ ہے کہ ریاست میں منشیات کا کالے کاروبار کو کس کی پشت پناہی حاصل ہے اور للت پاٹل جیسے لوگوں کے پیچھے کون سی طاقت کام کر رہی ہے؟ ان سب کا منظرِ عام پر آنا بہت ضروری ہے۔

نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت نوجوانوں کو ملازمت نہیں دے رہی ہے، بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے، سرکاری خالی اسامیاں پر نہیں کی جارہی ہیں۔ نوجوانوں کو پرائیویٹ کمپنیاں کنٹریکٹ پر رکھ کر ان کے مستقبل سے کھیل رہی ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نوجوانوں کو نشے کے جال میں پھنسا کران کی زندگی کو برباد کرنے کا گناہ کر رہی ہے۔ بی جے پی حکومت میں گھوٹالے بازوں، مجرموں، لٹیروں، قاتلوں، عصمت دری کرنے والوں اور منشیات فروشوں کے’اچھے دن‘ آچکے ہیں۔ ریاستی حکومت کو چاہیے کہ وہ ان مافیوں اور ان کے پیچھے موجود طاقتوں کا پتہ لگائے جو مہاراشٹر کو بدنام کر رہے ہیں اور اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔

اسرائیل سے تجارت بند کیاجائے

ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر نسیم خان کا وزیراعظم سے مطالبہ

ممبئی: غزہ میں معصوم شہریوں کے قتل عام سے پریشان ریاستی کانگریس کے کارگزارصدر وسابق وزیرنسیم خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جاری تجات کوفوری طور پر روک دے۔ یہ مطالبہ انہوں نے وزیراعظم نریندرمودی سے ایک مکتوب کے ذریعے کیا ہے جس میں انہوں نے ہندوستان اور فلسطین کے دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے انسانی بنیادوں پر فلسطین کے مظلوموں کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

نسیم خان نے یہ مطالبہ غزہ کے الاہلی اسپتال پر اسرائیلی کی ظالمانہ بمباری کے بعد کیا ہے جس میں پانچ سوبے قصورلوگ مارے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ میں اب تک ۴ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور10/ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔نسیم خان نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ ”پنڈت جواہر لال نہرو، لال بہادر شاستری، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، اٹل بہاری واجپائی سے لے کر ڈاکٹر منموہن سنگھ تک ہندوستانی حکومت کے سربراہان کے فلسطین کی قیادت اور عوام کے ساتھ بہت اچھے تعلقات رہے ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اسی تعلقات کے حوالے سے انسانی بنیادوں پر ہمیں آج فلسطین کی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے اور غزہ کے معصوم لوگوں پر اسرائیل کی وحشیانہ وظالمانہ بمباری کے خلاف ہمیں اسرائیل سے تجارت کو روک دینا چاہئے۔

نسیم خان نے اپنے مکتوب میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے چیئرمین یاسرعرفات اور فلسطینی نیشنل اتھارٹی کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کا بھی حوالہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے جس طرح غزہ پر ممنوعہ بموں سے حملہ کررہا ہے جس میں معصوم بچوں، خواتین اور ہزاروں لوگوں کی جانیں جارہی ہیں وہ نہایت شرمناک ہے۔اسرائیل نے اپنی ظالمانہ کارروائی کا ثبوت دیتے ہوئے غزہ کی ہرجانب سے ناکہ بندی کردی ہے جس کی وجہ سے غزہ کے زخمیوں اور مجبوروں کو کوئی مدد نہیں مل پارہی ہے۔ نسیم خان نے مطالبہ کیا کہ ہندوستان اسرائیل کے ساتھ تمام دوطرفہ تجارت کو فوری طور پر بند کرے۔یہ ہندوستان کے کروڑوں امن پسند لوگوں کے جذبات کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خود غزہ کی پٹی میں خوراک، ادویات اور امدادی سامان کی قلت پر تشویش کا شکار ہے۔ ایسے میں ہندوستان کو فلسطین کے ساتھ تاریخی تعلقات کوپیشِ نظر رکھتے ہوئے بحران کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کی مدد کرنی چاہئے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading