ممبئی:بی جے پی گزشتہ 9 سالوں میں مہاراشٹر کو داغدار کرنے میں مصروف ہے۔ ایک پرائیویٹ نیوز چینل پر بی جے پی کے سابق ایم پی کریٹ سومیا کا جو قابلِ اعتراض ویڈیو دکھایا گیا ہے، اسے دیکھنے کے بعد یہی کہاجاسکتا ہے کہ دوسروں کا وسترہرن کرنے والوں کو آج خودوسترہرن ہوگیا۔یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔
کریٹ سومیا کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے نانا پٹولے نے مزید کہا کہ 2014 سے ریاست میں سی بی آئی، ای ڈی و محکمہ انکم ٹیکس جیسی مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا خوف دکھا کر بلیک میلنگ کا کاروبار چل رہا ہے۔بلیک میلنگ کے اس کاروبار میں کریٹ سومیا کی بھرپور حصہ داری ہے۔ لیکن آج ان کی ویڈیودیکھ کر یہ کہا جاسکتا ہے کہ جو شخص دوسروں کو بے نقاب کرنے کا جھوٹا ہنگامہ کیا کرتا تھا، آج وہ خود حقیقی طور پر بے نقاب وبرہنہ ہوگیا۔ لیکن کانگریس کے لیے یہ مسئلہ نہیں بلکہ عوام کو درپیش مسائل اہم ہیں۔ مہنگائی، بیروزگاری، کسانوں کی پریشانی، خواتین کا تحفظ اور نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے کانگریس پارٹی مسلسل آواز اٹھاتی اور کوشش کرتی ہے۔ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، ریاست میں کسانوں کی خودکشی میں اضافہ ہوا ہے، حکومت اسمبلی میں کسانوں کی مدد کا اعلان کرتی ہے لیکن کسانوں تک کوئی مدد نہیں پہنچتی۔ کانگریس پارٹی کے لیے ان مسائل کو حل کرنا ضروری ہے۔
ناناپٹولے نے کہا کہ بے روزگاری کا مسئلہ بہت سنگین ہے، ریاستی حکومت سرکاری ملازمین کو بھرتی کرنے میں ٹال مٹول کررہی ہے۔ ریاست میں اساتذہ کی 50 سے 60 ہزار اسامیاں خالی ہیں لیکن انہیں پُر نہیں کیا جا رہا ہے اور حکومت نے ریٹائرڈ اساتذہ کو بھرتی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ حکومتی حکم ان نوجوانوں اور خواتین کی سخت توہین ہے جو ٹیچر بننا چاہتے ہیں۔ حکومت کے اس حکم کے خلاف پونے میں بے روزگار نوجوان بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو اس مسئلہ پر توجہ دینی چاہئے اور نوجوانوں کو انصاف دینا چاہئے۔